سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین کا اعلان
وشنگٹن،اسلام آباد(اے ایف پی،آئی این پی )امریکی صدربائیڈن نے سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کرنیکا اعلان کیا ہے ۔
بائیڈن نے کہا امریکا اور دنیا نے ایک غیرمعمولی رہنما اور انسان دوست کو کھو دیا ، جو شخص با مقصد زندگی گزارنے کا مطلب جاننا چاہتا ہے وہ جمی کارٹر کی شخصیت کا مطالعہ کرے ۔ بطور صدر جمی کارٹرنے امریکی شہریوں کی زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی، ہم انکے شکر گزار ہیں۔ سابق صدر باراک اوباما ، جارج بش،بل کلنٹن اور انکی اہلیہ ہلیری سمیت عالمی رہنماؤں نے جمی کارٹر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔علاوہ ازیں چین ،جرمنی ،سعودی عرب ،برطانیہ ،ترکیہ ،پاکستان سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے جمی کارٹر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔واضح رہے سابق امریکی صدر جمی کارٹر سو سال کی عمر میں اتوار کو انتقال کرگئے ، وہ 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہے ، ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔جمی کارٹر نے امن کا نوبیل انعام بھی حاصل کیا۔صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے جمی کارٹر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ صدر نے سابق امریکی صدر کے خاندان، امریکی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے انکی خدمات کو سراہا ۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا جمی کارٹرکا عالمی امن کیلئے کردار تادیر یاد رکھا جائیگا۔