یوکرین کے روسی فیکٹریوں ، تنصیبات پر میزائل اورڈرون حملے

کیو ،ماسکو (اے ایف پی)یوکرین نے روس میں فیکٹریوں اور توانائی کی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون فائرکردئیے ۔۔۔
جس سے کئی جگہوں پر آگ بھڑک اٹھی ،یوکرین نے اسے ایک موثر حملہ قراردیاہے جبکہ روسی فوج نے کیف پر امریکی اور برطانوی فراہم کردہ میزائل استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور وارننگ دی کہ حملے کا جلد جواب دیاجائے گا،دوسری طرف روس نے دعویٰ کیاہے کہ روسی فوج نے یوکرین کے مزید 2دیہات کا قبضہ حاصل کرلیاہے ۔ یوکرین کی ایس بی یو سکیورٹی سروسز کے مطابق روس میں داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز سے کیمیکل پلانٹس، آئل ریفائنریوں اور گوداموں میں دھماکے ہوئے ، روسی ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس کے کئی مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔رو س نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ جنوب مغربی سراتوف کے علاقے میں سکولوں کو بند کیاگیاہے جبکہ وسطی اور مغربی روس کے کم از کم نو ہوائی اڈوں سے عارضی طور پر ٹریفک کو روک دیا گیا۔دوسری طرف روس کاکہناہے کہ اس نے مشرقی ڈونیٹسک کے علاقے میں یوکرین کے دو دیہات نیسکوچنے اور ترنی پر دوبارہ قبضہ کر لیا ، جنہیں یوکرین نے تنازع کے آغاز میں روسی کنٹرول سے واپس چھین لیا تھا۔