یمن پر امریکی بمباری،33شہید،101زخمی،حملے ایران کیلئے انتباہ:وائٹ ہاؤس

یمن پر امریکی بمباری،33شہید،101زخمی،حملے ایران کیلئے انتباہ:وائٹ ہاؤس

واشنگٹن ،صنعا،غزہ(اے ایف پی،اے پی) ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یمنی حوثیوں کے خلاف پہلے امریکی حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 33 افراد شہید ہوگئے۔

 101 سے زائد زخمی ہو گئے ۔حوثیوں کی وزارت صحت نے کہا کہ صنعا ، صعدہ، البیضا اور ردا کے علاقوں پر امریکا نے حملے کئے ،حملوں کا جواب دیا جائے گا۔یمنی حوثیوں کے فوجی ترجمان یحیی ساری نے امریکی حملوں کے جواب میں یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین پر جوابی وار کا دعویٰ کیا ہے ۔امریکی اہلکار نے طیارہ بردار بحری جہاز پر حملے کے دعوے کو مسترد کر دیا ۔ امریکی صدر نے یمن پر حملوں کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیاتھا کہ اگر ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے تجارتی بحری جہازوں پر حملے بند نہ کئے تو اس پر جہنم کی بارش ہو گی۔ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ کا وقت ختم ہو گیا ، حملوں کا سلسلہ رکنا چاہیے ۔

اگر ایسا نہ ہوا تو آپ پر جہنم کی وہ بارش ہو گی جو آپ نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہو گی، علاوہ ازیں ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کی حمایت فوری طور پر ختم ہونی چاہیے ،ایران کو دھمکی دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھااگر آپ ایسا کرتے ہیں تو ہوشیار رہیں، امریکا آپ کو مکمل طور پر جوابدہ ٹھہرائے گا ۔امریکی اخبار نے کہا کہ یمن میں حوثیوں پر امریکی حملوں کے تین اہداف ہیں، پہلا ہدف حوثی میزائل لانچر ،دوسرا ہدف حوثی رہنما ،تیسرا ہدف ایران کو پیغام دینا ہے کہ اگلی باری اس کی ہوسکتی ہے ۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے کہا کہ یمن پر حملے میں متعدد حوثی رہنما ہلاک ہوئے ، انہوں نے امریکی انتباہ کا اعادہ کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کیلئے تمام آپشنز موجود ہیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ تہران کے پاس کوئی جوہری ہتھیار نہیں ۔وائٹ ہاؤس کا کہناتھا ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتا۔

ہم ایسی دنیا نہیں رکھ سکتے جس میں خامنہ ای ایٹمی بٹن پر انگلی رکھتے ہوں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یمن میں امریکی حملوں میں شہادتوں کی مذمت کی ،انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کے پاس حکم چلانے کا کوئی اختیار نہیں ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی نے کہاایران جنگ نہیں کرے گا اگر کسی نے دھمکی دی تو جواب دیاجائے گا۔ حماس نے امریکی حملوں پر شدید تنقید کی ہے ۔ نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ داخلی سلامتی ایجنسی کے سربراہ شن بیٹ کو برطرف کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ادھراسرائیلی سلامتی ایجنسی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی برطرفی کا حماس کے حملے سے کوئی تعلق نہیں ۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ مذاکرات کار مصر میں ثالثوں کے ساتھ یرغمالیوں کے معاہدے اور غزہ جنگ بندی پر بات چیت کر رہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکراتی ٹیم حماس کے ساتھ بالواسطہ جنگ بندی کیلئے مذاکرات جاری رکھے گی۔اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے 4جنگجوؤں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔رپورٹس کے مطابق حملے میں کئی افراد زخمی ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں