غزہ :اسرائیلی حملے ، خواتین بچوں سمیت35 شہید،کئی زخمی

غزہ :اسرائیلی حملے ، خواتین  بچوں سمیت35 شہید،کئی زخمی

غزہ،یروشلم (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 35 افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے ۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث اسرائیل نے ہزاروں ریزرو فوجیوں کو طلب کر لیا ۔ادھر القسام بریگیڈز نے بھی تقریباً 30 ہزار نوجوان جنگجوؤں کیلئے بھرتی کا آغاز کر دیا ۔ ان جنگجوؤں کی اکثریت نے القسام بریگیڈز کے کیمپوں میں تربیت حاصل کی تھی۔اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر دوبارہ جنگ شروع کرنے اور مذاکرات کا تازہ دور کسی معاہدے کے بغیر ختم ہونے کے بعد قطر کے چیف مذاکرات کار محمد الخلیفی نے جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔

ادھر اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ میں 23 مارچ کو طبی عملے کے 15 کارکنوں کی شہادت آپریشنل غلط فہمی اور احکامات کی خلاف ورزی کے باعث ہوئی، فیلڈ کمانڈر کو برطرف کردیا جائے گا،اسرائیل کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں اندھا دھند فائرنگ کا کوئی ثبوت نہیں ملا،اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ واقعے میں حماس کے 6 جنگجو مارے گئے ، شہریوں کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس ہے ۔فلسطین ہلال احمر نے اسرائیلی فوجی تحقیقات کے نتائج کو مسترد کر دیا ،بیان میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ جھوٹ سے بھری ہوئی ہے ،یہ غلط اور ناقابل قبول ہے ،تحقیقات میں بربریت کو جائز اور حملے کوفیلڈ کمانڈ کی ذاتی غلطی قرار دیا ہے جبکہ حقیقت بالکل مختلف ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں