حماس کا مذاکراتی وفد مصر روانہ، غزہ میں مزید 45شہید

حماس کا مذاکراتی وفد مصر روانہ، غزہ میں مزید 45شہید

غزہ (اے ایف پی)حماس کا وفد مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہو ا ہے تاکہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کو ممکن بنانے کیلئے نئی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔

حماس کے سینئر عہدیدار نے بتایا وفد میں حماس کے اعلیٰ ترین مذاکرات کار خلیل الحیہ بھی شامل ہیں۔ادھر غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق منگل کو45 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے مطابق فضائی حملے طلوع آفتاب سے بھی پہلے شروع کیے گئے جو دن بھر جاری رہے ، غزہ پٹی کے مختلف حصوں کو نشانہ بنایا گیا۔خان یونس میں فضائی حملے میں 10 گھر تباہ ہو گئے ،خان یونس کے مرکز میں مکان پر فضائی حملے میں نو افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ چھ ملبے تلے دب گئے ۔ جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر حملوں میں مزید9افراد شہید ہوگئے ۔الشاطی پناہ گزین کیمپ میں بکر خاندان سے تعلق رکھنے والے گھر پر حملے میں پانچ افرادمارے گئے جبکہ دو لوگ جنوبی شہر رفح میں حملے میں شہید ہوئے ۔ غزہ میں وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے دوبارہ کارروائی شروع کرنے کے بعد سے غزہ میں 1864 افراد شہید ہو چکے ، شہدا کی مجموعی تعداد 51ہزار240 ہو گئی ہے ۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ کی ناکہ بندی کے 50روز مکمل ہو گئے ہیں ،شہریوں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے ،یو این آر ڈبلیو اے کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا غزہ مایوسی کی سرزمین بن چکا ہے ۔ اسرائیل نے جان بوجھ کر انسانی امداد روک رکھی ہے ۔لبنان پر فضائی حملوں میں جماعت اسلامی رہنما حسین عطوی سمیت 2افراد شہید ہو گئے ۔اسرائیلی ڈرون حملے نے انکی کار کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بیروت میں اپنے کام کی جگہ پر جا رہے تھے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں