برطانیہ میں سالانہ ہزاروں اموات یو پی ایف سے منسلک ہوسکتی ہیں، تحقیق

لندن (دنیا مانیٹرنگ) الٹرا پروسیسڈ فوڈز (یو پی ایف)کھانے والے افراد کے جلد موت کی طرف جانے کا خطرہ موجود ہے ،برطانیہ میں سالانہ ہزاروں اموات اس کھانے کے استعمال سے منسلک ہوسکتی ہیں۔
یہ انکشاف امریکن جرنل آف پریونیٹیو میڈیسن میں شائع رپورٹ میں کیا گیا ۔ ماہرین نے حکومتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ یو پی ایف کو کم استعمال کرنے سے متعلق غذائی سفارشات مرتب کریں۔تحقیق میں دنیا کے 8 ممالک کے اعدادو شمار کے جائزے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ امریکا کے بعد برطانیہ میں 53 فیصد لوگ اسے استعمال کر رہے ہیں، امریکا میں اس کی کھپت 55 فیصد تک جا پہنچی ہے ۔اس سے قبل یو پی ایف کو خراب صحت سے منسلک کیا جاتا تھا، جس میں موٹاپا، دل کے امراض، کینسر اور جلد موت کا امکان شامل ہے ۔ یو پی ایف میں آئسکریم، پروسیس شدہ گوشت، کرسپ، بڑے پیمانے پر تیار کی جانے والی بریڈ، کچھ بریک فاسٹ سیریلز، بسکٹ اور فزی ڈرنکس شامل ہیں، جن میں اکثر سیچورٹیڈ فیٹ، نمک، چینی اور کچھ اضافی چیزیں شامل ہوتی ہیں اور ان کی تیاری میں مصنوعی رنگ اور ذائقے کے علاوہ کچھ ایسی اشیا بھی استعمال کی جاتی ہیں جو تازہ تیار ہونے والے کھانے میں نہیں ڈالی جاتیں۔