اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ پٹی کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کا اعلان

یروشلم،غزہ (اے ایف پی)اسرائیلی وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پٹی کا مکمل کنٹرول سنبھالیں گے ،نیتن یاہو نے ٹیلیگرام پر ویڈیو میں کہا غزہ میں لڑائی شدید ہے ، ہم پیشرفت کر رہے ، تمام علاقے کا کنٹرول سنبھال لیں گے ۔
اسرائیل اس بات کو یقینی بنائے گا کہ غزہ میں آنے والی امداد کو حماس نہ لوٹ سکے ۔برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے مشترکہ بیان میں کہا اگر اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائیاں بند نہ کیں اور امدادی سامان کی ترسیل پر عائد پابندیاں نہ اٹھائیں تو اسرائیل کے خلاف اقدامات کریں گے ۔برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے عام شہریوں کے لیے بنیادی انسانی امداد کی فراہمی سے انکار ناقابل قبول ہے اور یہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آسکتا ہے ۔تینوں ممالک نے مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع کی بھی مخالفت کی ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے بشمول ٹارگٹڈ پابندیاں لگانے سے نہیں ہچکچائیں گے ۔علاوہ ازیں آسٹریلیا، برطانیہ، فرانس ،جرمنی،جاپان اور نیوزی لینڈ سمیت 22 ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی ناکہ بندی کو جزوی طور پر ہٹانے کے بعد فوری طور پر غزہ میں امداد کی مکمل بحالی کی اجازت دے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ خوراک، ادویات اور ضروری سامان ختم ہو چکا ہے اور آبادی کو غذائی قلت کا سامنا ہے ۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا غزہ میں بچوں ، خواتین اور بزرگوں سمیت 20 لاکھ افراد بھوک سے مر رہے ۔بار بار انخلا کے احکامات ،غزہ کی امدادی ناکہ بندی،ہسپتالوں کی ابتر صورتحال کے باعث لوگ قابل علاج بیماریوں سے بھی مر رہے ۔علاوہ ازیں غزہ کے امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ پیر کو اسرائیلی حملوں میں 91 افراد شہید ،150سے زائد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج نے پیر کو غزہ کے مرکزی جنوبی شہر خان یونس،بنی سہیلہ اور اباسان کے قریبی علاقوں میں لوگوں کو حملے سے قبل فوری طور پر انخلا کا حکم دیا ۔ادھر مارچ کے بعد پہلی بار بچوں کی خوراک کے 5 ٹرک غزہ میں داخل ہوئے ۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ایڈن بار تال نے بتایا پیر کو بچوں کی خوراک کے ٹرکوں کے غزہ میں داخلے کی سہولت فراہم کی گئی ، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں درجنوں امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے تاہم حماس کو اس امداد سے دور رکھا جائیگا۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا 9 امدادی ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دینا ضروریات کے سمندر میں ایک قطرہ بہانے کے مترادف ہے ۔