استنبول:روس یوکرین مذاکرات،جنگ بندی پر اتفاق نہ ہوسکا

استنبول:روس یوکرین مذاکرات،جنگ بندی پر اتفاق نہ ہوسکا

استنبول (اے ایف پی)استنبول میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری امن مذاکرات کا دوسرا مرحلہ ختم ہو گیا ۔

غیرمشروط جنگ بندی پر اتفاق نہ ہوسکا،ترک صدر نے  زیلنسکی اور پیوٹن کی ملاقات کی تجویز دیدی ،مذاکرات کے دوران قیدیوں کے تبادلے ، لاشوں کی حوالگی اور جنگ بندی سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔یوکرین کے وزیر دفاع نے کہا روس اور یوکرین کے درمیان 6 ہزار ہلاک فوجیوں کی لاشیں واپس کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ 25 سال سے کم عمر کے شدید بیمار جنگی قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا ۔یوکرینی وفد کے مطابق مذاکرات میں 30 روزہ غیر مشروط جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی، مگرروسی حکام نے اس تجویز کو مسترد کر تے ہوئے ابتدائی طور پر صرف تین روزہ جنگ بندی پر اسرار کیا۔یوکرین کے نائب وزیر خارجہ کیسلیٹس کا کہنا ہے کہ روس غیرمشروط جنگ بندی پر راضی نہیں ہوا ۔یوکرینی وزیر دفاع رستم عمروف کا کہنا ہے کہ روس کی طرف سے میمورینڈم اب وصول ہوا ہے اور اب اس پر غور اور مزید اقدامات اٹھانے سے متعلق ایک ہفتے کا وقت درکار ہوگا۔یوکرینی وفد نے روس پر امریکا کو ان مذاکرات کا حصہ نہ بنانے پر تنقید کی ہے ۔ وفد کے مطابق ان مذاکرات میں ایسا تو کوئی ہونا چاہیے کہ جو ان مذاکرات کی نگرانی کرے اور اس مقصد کے لیے امریکا سے بہتر کوئی نہیں ہے ۔ دوسری جانب بی بی سی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا روسی بمبار طیاروں کو نشانہ بنانے والے یوکرینی ڈرون ٹرکوں میں چھپا کر روس میں سمگل کئے گئے تھے ۔اتوار کے روز یوکرین نے روس کے متعدد کے فضائی اڈوں پر حملہ کیا تھا۔ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ اس حملے میں روسی فوج کے 40 جہاز تباہ ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں