وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر بات چیت

 وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر بات چیت

مکہ مکرمہ (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،خبر ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعے کو منیٰ پیلس میں ملاقات کی۔

 ملاقات کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی صورتحال، خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کیلئے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر سعودی قیادت کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔دونوں ممالک کی قیادت نے علاقائی امن، امت مسلمہ کے اتحاد اور معاشی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔اس موقع پرنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، پاکستانی سفیر احمد فاروق، آرمی چیف کے فرسٹ سیکرٹری میجر جنرل محمد جواد طارق ،وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری اور چیف آف پروٹوکول ٹیپو سلطان ، مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ،قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان، وزیر مملکت خارجہ اور موسمیاتی امور کے ایلچی عادل الجبیر، وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری بھی موجود تھے ۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے شہباز شریف اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔وزیر اعظم نے شاہی دیوان میں ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دیئے گئے خصوصی ظہرانے میں بطور مہمان خاص شرکت کی۔ولی عہد خود گاڑی چلا کر وزیر اعظم کو ظہرانے میں شرکت کیلئے لے کر گئے ۔ظہرانے میں سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کا شاندار استقبال کیا ، دونوں رہنماؤں کے مابین غیر رسمی گفتگو ہوئی۔ظہرانے میں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں سمیت سعودی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سعودی سول و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عید کے موقع پر خصوصی طور پر وزیر اعظم کو مدعو کیا ۔ خیال رہے ولی عہد محمد بن سلیمان کے دور میں پہلی بار کسی حکمران کو عید پر مدعو کیا گیا ہے ۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراطلاعات و نشریات عطا اﷲتارڑ کے ہمراہ عمر ہ ادا کیا ، اس موقع پران کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے اور بنیان مرصوص کی عظیم فتح پر اﷲتعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی میدان اور عوامی فلاح کیلئے اقدامات کے حوالے سے حالیہ کامیابیوں پر اﷲرب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ بالخصوص ظلم و جبر کے شکار کشمیری و فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورہ سعودی عرب مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے ۔گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ جلاوی نے وزیراعظم کو الوداع کہا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں