غزہ :امدادی مراکز پر اسرائیلی فائرنگ ،مزید40شہید

غزہ (اے ایف پی)غزہ کے مختلف علاقوں میں امدادی مراکز پر اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں مزید40افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔
زیادہ تر افراد نٹساریم میں امریکی ڈسٹری بیوشن پوائنٹ کے قریب کھانا حاصل کرنے کی کوشش کے دوران اسرائیلی حملے میں شہید ہو ئے ۔برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور ناروے نے فلسطینیوں کے خلاف تشدد کیلئے بار بار اکسانے پر اسرائیلی وزیر خزانہ سموٹریچ اور نیشنل سکیورٹی کے وزیر اتمار بن گوئر کیخلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے ۔برطانیہ کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سموٹریچ اور اتمار پر سفری پابندی اور اثاثے منجمد کیے جائیں گے ۔اسرائیل نے کشتی پر غزہ کیلئے امداد لے جانیوالی گریٹا تھنبرگ کو ملک بدر کر دیا،سویڈش کارکن گریٹا نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ ہمیں بین الاقوامی پانیوں میں اغوا کر کے ہماری مرضی کے خلاف اسرائیل لے جا یا گیا،انہوں نے ملک بدر ہونے کے بعد پیرس میں میڈیا کو بتایا یہ حقوق کی ایک اور جان بوجھ کر خلاف ورزی ہے ۔واضح رہے پیر کو غزہ کے لیے خوراک اور سامان لے جانے والے میڈلین پر سوار 12 افراد میں سے پانچ فرانسیسی کارکنوں کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب انہوں نے رضاکارانہ طور پر اسرائیل چھوڑنے سے انکار کر دیا۔اسرائیل نے منگل کو یمنی حوثیوں کے زیر قبضہ حدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا ۔ حوثیوں کے ترجمان المسیرہ ٹی وی چینل نے اسرائیلی حملوں کی تصدیق کی ہے ۔