امریکا بھارت کو کان سے پکڑ کر بھی بات چیت تک لائے تو دنیا کے مفاد میں ہوگا:بلاول

امریکا بھارت کو کان سے پکڑ کر بھی بات چیت تک لائے تو دنیا کے مفاد میں ہوگا:بلاول

لندن(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پیپلز پارٹی اور پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر، پانی سمیت تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں۔

 بھارت خارجہ پالیسی سے دہشتگردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی ختم کرے ، امریکا کو بھارت کو کان سے پکڑ کر بھی بات چیت تک لانا پڑے تو یہ دنیا کے مفاد میں ہوگا۔برطانیہ کے دورے میں ارکان پارلیمنٹ اور تھنک ٹینکس کے اہم ارکان سے ملاقاتوں کے بعد برسلز میں یورپی یونین کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے روانگی سے قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا جنگ کے بعد پاکستان نے سیز فائر کی پاسداری کی ہے ، حملے کے جواز کے لیے بھارت کا پورا بیانیہ جھوٹ پر مبنی تھا، جنگ کے بعد بھی بھارت جھوٹ پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب مؤثر انداز میں دیا، آرمی چیف عاصم منیر کو جنگ کے دوران بہترین حکمت عملی بنانے پر فیلڈ مارشل کا اعزازی عہدہ دیا گیا جو انکی خدمات کا اعتراف ہے ۔ سندھ طاس معاہدہ کے مطابق بھارت یکطرفہ طور پر اسکو معطل یا منسوخ نہیں کرسکتا، عالمی سطح کے معاہدے کی شرائط سے کوئی بھی ملک روگردانی نہیں کرسکتا، ہم سمجھتے ہیں کہ سندھ طاس معاہدہ فعال ہے اور اسے کسی طور پر معطل کرنے کا اختیار بھارت کو حاصل نہیں۔کینیڈا، امریکا اور پاکستان میں بھارتی دہشتگردی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا بھارت کہتا کچھ اور کرتا کچھ اور ہے ، جب بھارت پاکستان پر الزام لگارہا تھا تو دنیا میں کوئی بھی ملک اسکے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے حوالے سے جو کردار ادا کیا، اس پر شکر گزار ہیں، ہم دنیا پر واضح کرنا چاہتے اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ ٹرمپ پوری کوشش کرینگے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنے دیگر تمام دوستوں کی مدد سے ملکر حل کروائیں گے ، اس حوالے سے بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔ایک سوال پرپاکستانی وفد کے رکن خرم دستگیر نے کہا بھارت کا دفاعی بجٹ ہم سے کئی گنا زیادہ ہے ، ہم نے اپنے وسائل کے مطابق دفاع کے لیے بجٹ مختص کیا ، اسکا بہترین انداز میں استعمال کیا جائے گا۔ پاکستانی پارلیمانی وفد نیویارک اور لندن کے دوروں کے بعد برسلز پہنچ گیا۔ وفد یورپی یونین اور بیلجیئم کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا، بھارتی جارحیت اور حالیہ تنازع سے متعلق غلط معلومات پر مبنی بھارتی مہم کا مؤثر جواب دیاجائیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں