لاس اینجلس :کرفیو کی خلاف ورزی پر 25افراد گرفتار
لاس اینجلس (اے ایف پی)لاس اینجلس میں ٹرمپ کی امیگریشن پالیسوں کیخلاف احتجاج جاری ہے اور پولیس نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر 25 افراد کو گرفتار کرلیا۔
عالمی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈاؤن ٹاؤن لاس اینجلس بدھ کی رات کرفیو کے نفاذ کے باعث قدرے پرسکون رہا تاہم پولیس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امیگریشن کریک ڈاؤن کے خلاف پانچویں دن کے مظاہروں کے بعد کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر 25 افراد کو حراست میں لے لیا۔صدرٹرمپ کیخلاف احتجاج دارالحکومت واشنگٹن، نیویارک، الینوے اور ٹیکساس تک پھیل چکا ہے اور کئی شہروں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔لاس اینجلس میں گزشتہ روز پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ پرتشدد احتجاج کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں مقامی وقت کے مطابق رات 8 سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا۔امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے لاس اینجلس میں مظاہروں سے نمٹنے کیلئے سینکڑوں میرینز بھی تعینات کردئیے ہیں ۔ امریکی میڈیا کے مطابق وفاقی جج نے ٹرمپ کی فوجیوں کی تعیناتی کے حکم کے خلاف دائر کیلیفورنیا کی درخواست مسترد کردی ہے ۔