بھارت:طیارہ اڑتے ہی تباہ،315ہلاک:ایئر انڈیا کا جہاز احمدآباد سے لندن کیلئے فضا میں بلند ہوا،ایک منٹ سے بھی پہلے ہسپتال میں ڈاکٹروں کے ہاسٹلز پر گر گیا

احمد آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں )بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کیلئے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا۔۔
، حادثے میں241 مسافروں سمیت315افراد ہلاک اور 45زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا۔ گجرات پولیس کی ایک اعلیٰ افسر ودھی چودھری نے بتایا کہ حادثے میں مسافروں کے علاوہ کچھ میڈیکل طلبا بھی ہلاک ہوئے کیونکہ طیارہ اس عمارت پر گرا جہاں وہ ٹھہرے ہوئے تھے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ہاسٹل میں موجود 73افراد بھی لقمہ اجل بن گئے ۔ جن میں کم ازکم 5ڈاکٹر بھی ہلاک ہوئے ۔طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے ، طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق بھارت کے وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں بہت سے افراد ہلاک ہو گئے جن میں 11 بچے بھی تھے ، ایئر انڈیا کے مطابق ان میں سے 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی، اور ایک کینیڈین تھا، مسافروں میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی شامل ہیں۔بھارتی اخبار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں،جائے حادثہ کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے ۔
حادثے کے بعد احمد آباد ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کردیا جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل ایک بجکر 39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی، حادثے کا شکار بوئنگ 787 طیارہ 11 سال پرانا تھا۔بعد ازاں گجرات کے شہر احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطلی کے بعد بحال کر دی گئی ۔انڈیا کے سول ایوی ایشن کے وزیر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔68 برس کے وجے روپانی نے 2016 سے 2021 تک مغربی انڈین ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں۔حادثے کے شکار ہونے والے مسافر طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے ۔بھارتی سول ایوی ایشن کے وزیر نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں،تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے ۔ تحقیقات ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو کر رہا ہے ،اعلیٰ سطح کمیٹی مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ہے ۔انڈین حکام نے اعلان کیا ہے کہ ایئر انڈیا کے طیارہ حادثے کی جگہ پر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے ۔ ادھر ایئرانڈیا نے طیارہ حادثے میں 241 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے ۔بھارتی اخبار کے مطابق طیارے کے کیپٹن ایل ٹی سی ہیں اور ان کے پاس 8 ہزار 200 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہے ۔کوپائلٹ کے پاس ایک ہزار 100 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ تھا،ریاستی میڈیکل ایسوسی ایشن کی رپورٹس کے مطابق طیارہ سیدھا بی جے میڈیکل کالج کے انڈرگریجویٹ ہاسٹل کے میس سے ٹکرا گیا، جو میگھانی نگر میں واقع ہے ۔ایف اے آئی ایم اے کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ہاسٹل کے میس میں کئی طلبا موجود تھے ، فیڈریشن کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں طیارے کا ایک حصہ ہاسٹل کی عمارت میں پھنسا ہوا دیکھا جا سکتا ہے ، جب کہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی سرکاری تصدیق موصول نہیں ہوئی کہ حادثے میں کتنے طلبا اور میڈیکل کالج کے عملے کے افراد زخمی ہوئے ہیں۔احمد آباد پولیس کے سربراہ جی ایس ملک نے بتایا ہے کہ طیارہ حادثے میں مرنے والے افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ مسافر جہاز کے مسافر تھے یا پھر جب جہاز تباہ ہوا تو زمین پر بھی مرنے والے اس میں شامل ہیں۔جی ایس ملک نے بتایا کہ 45 زخمی افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ہلاک افراد کے رشتہ داروں کو ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے طلب کیا گیا ہے ،بھارت میں مسافر طیارہ گرنے کی ویڈیو سامنے آگئی،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ رہائشی آبادی کے بالکل اوپر سے گزر رہا ہے ، جوکہ ٹیک آف کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوجاتا ہے ،مختصر ویڈیو کلپ قریبی رہائشیوں کی جانب سے بنایا گیا۔
ٹاٹا گروپ نے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ایئر انڈیا ٹاٹا گروپ کی کمپنی ہے ۔ ٹاٹا گروپ نے یہ بھی کہا ہے کہ کمپنی زخمیوں کے علاج کا سارا خرچ برداشت کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ انھیں تمام ضروری امداد ملے ۔این ٹی ایس بی کا کہنا تھا امریکی ٹرانسپورٹ بورڈ ایئر انڈیا کی تحقیقات کے لیے انسپکٹر بھیجے گا۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا سانحہ ناقابل بیان صدمہ ہے ،مودی نے ایکس پر کہا احمد آباد میں پیش آنے والے سانحہ نے ہمیں ہلا کر رکھ گیا ہے ۔ یہ دکھ الفاظ سے باہر ہے ۔ برطانوی بادشاہ شاہ چارلس، امریکی صدر ، روسی اور فرانسیسی صدور سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے بھارتی شہر احمد آباد میں طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے احمد آباد طیارہ حادثے کو ایوی ایشن کی تاریخ کے بدترین حادثات میں سے ایک قرار دیا ہے ۔وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ طیارہ حادثہ خوفناک تھا، میں نے بھارت سے کہا ہے کہ ہم جو کچھ کر سکتے ہیں کریں گے ۔برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے ایکس پر جاری پیغام میں بادشاہ چارلس کا کہنا تھا کہ انہیں احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا۔ یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وان نے کہا کہ وہ حادثے کا شکار افراد کے اہلخانہ سے گہری ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں یورپ بھارتی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے ۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں طیارہ حادثے کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا تھا کہ احمدآباد میں طیارہ گرنے کے افسوسناک حادثے کا علم ہوا، دکھ کے ان لمحات میں میری دلی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز اور آئرلینڈ کے وزیراعظم مائیکل مارٹن نے طیارے حادثے کی خبر کو افسوس ناک قرار دیا۔ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے بھارت کو کسی بھی قسم کی مدد کی پیشکش بھی کردی۔