جنگ بندی کے لیے ٹرمپ کا سعودی ولی عہد سے رابطہ
ریاض،واشنگٹن (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر ٹرمپ نے جمعہ کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے ۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران ایران کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائیوں سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤ ں نے تحمل سے کام لینے ،کشیدگی میں کمی، تمام تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔ انہوں نے مشرق وسطی ٰمیں سلامتی، امن اور استحکام کے حصول کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔علاوہ ازیں برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر اور امریکی صدر ٹرمپ نے جمعہ کو ٹیلی فون پر اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے سفارت کاری اور بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ ادھر سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے فون پر گفتگو کی ہے ۔سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی سرزمین پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی، سعودی وزیرِ خارجہ نے اختلافات کو دور کرنے کے لیے بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔دریں اثنا شہزادہ فیصل بن فرحان نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعطیٰ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی حملے ، علاقائی اثرات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔قطر کے وزیراعظم نے بھی ایرانی وزیر خارجہ سے فون پر رابطہ کیا،قطری وزیر اعظم نے کہا کہ قطر اپنے بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں سے مل کر ایران پر جارحیت کو فوری طور پر روکنے کیلئے کام کرے گا۔ قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملہ ایرانی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے ، اسرائیلی حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔