اسرائیلی فوج نے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ سے نکال دیا ،دروازے بند

اسرائیلی فوج نے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ سے نکال دیا ،دروازے بند

مغربی کنارہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فورسز نے جمعے کو نماز فجر کے بعد مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر نمازیوں کو زبردستی باہر نکال کر مسجد کے تمام دروازے بند کر دئیے ۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی پولیس اہلکار مسجد کے احاطے میں داخل ہوئے اور مسجد کے تمام داخلی راستوں کو بھی بند کر دیا۔ذرائع کے مطابق کورونا کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب مسجد اقصیٰ کو مکمل طور پر خالی کرا کر بند کر دیا گیا۔یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا جب اسرائیلی فوج نے ایران پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا، جس کے بعد مغربی کنارے میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔اسرائیلی فورسز نے درجنوں فوجی چوکیوں اور گیٹس کو بھی بند کر دیا، شہروں، دیہات اور قصبوں کو ملانے والی کئی ذیلی سڑکیں مٹی کے ڈھیروں سے بند کر دی گئیں۔ادھر فلسطینی وزارت اوقاف و مذہبی امور نے بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ اور ہیبرون میں مسجد ابراہیمی کو فجر کے وقت بند کرنے اور نمازیوں کو عبادت سے روکنے کے اقدام کی شدید مذمت کی۔بیان میں عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اور مو ثر اقدامات کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں