پانی روکنے پر بھارت کو جواب دیں گے :بلاول بھٹو

پانی روکنے پر بھارت کو جواب دیں گے :بلاول بھٹو

برسلز (دنیا نیوز)پاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ماحولیاتی وسائل کو ہتھیار بنانا خطرناک ہو سکتا ہے ۔

 بھارت نے پانی روکا توپاکستان جوابی اقدامات پرمجبور ہو گا۔برسلز میں وفد کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  سندھ طاس جیسے معاہدے کمزور ہوئے تو علاقائی امن کو خطرہ ہوگا، بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کیا،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کی زیر قیادت پاکستانی وفد کی بیلجیئم کی پارلیمنٹ اور وزارت خارجہ سمیت مختلف حکام، بیلجیئم فارن افیئر کمیٹی کی وائس چیئر کیٹلین ڈیپورٹر اور چیئر آف پاکستان بیلجیئم پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ فرانکیم بیلجینڈ اور سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے ممبران سے بھی ملاقاتیں کیں، وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں آگے بڑھنے پائیدار قیام امن اور مسائل کے حل کیلئے جامع مذاکرات کا حامی ہے ۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں دہشت گردی سے متعلق کمیٹیوں کی ذمہ داری پاکستان کو دینا بڑی کامیابی ہے ، ان کا کہنا تھا ایران پراسرائیلی حملے کی مذمت کرتاہوں، عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ خطے میں جنگ کو فوری روکا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ وہ بھارت پر اس ضمن میں زور دیں گے کہ وہ سندھ طاس معاہدہ کو معطل کرنے جیسے ماورائے قانون اقدامات سے اجتناب کرے ، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور کشمیر سمیت تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا حامی ہے ۔دوسری جانب پاکستانی پارلیمانی وفد نے یورپین کمیشن میں کمشنر برائے بین الاقوامی شراکت داری کی کابینہ سربراہ لوسی سیسٹاکووا، کیبنٹ ایکسپرٹ برائے ایشیا نیٹیویڈاد لورینزو، یورپ کے معروف تھنک ٹینک ایگمونٹ کے ڈائریکٹر جنرل ایمبیسڈر پال ڈی وٹ سمیت اہم شخصیات کو بتایا کہ جنگ بندی کے باوجود بھارت پانی کو ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہا ہے ۔ایسے میں یورپی یونین کو بھی چا ہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرائے چیئرمین پی پی نے ایران پراسرائیلی حملے کی مذمت بھی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں