تہران پر حملہ ایران کے اندر سے ہی کیا گیا، اسرائیلی اخبار کا دعویٰ
تل ابیب(نیوز ایجنسیاں )اسرائیلی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ تہران پر حملہ ایران کے اندر سے ہی کیا گیا۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق موساد نے ایران میں ڈرون بیس قائم کی، ڈرونزکو ایک ہی رات میں متحرک کیا گیا، ایران کے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل لانچرز کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی ڈرون بیس تہران کے قریب قائم کی گئی، ایران کے ایٹمی تنصیبات پر حملوں کیلئے کئی سال منصوبہ بندی کی گئی، موساد کمانڈوز اور حساس آلات کو ایران سمگل کیا گیا، اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد اور اسرائیل ڈیفنس فورس نے مشترکہ کارروائی کی۔اسرائیلی فوج کی جانب موساد کی خفیہ کارروائیوں کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے ۔موساد کے اس خفیہ آپریشن کیلئے ہتھیاروں سے لیس گاڑیوں کو ایران سمگل کیا گیا تھا، ان ہتھیاروں کے ذریعے موساد ایجنٹوں نے ایران کے فضائی دفاعی نظام کو غیر مؤثر کردیا جس کے بعد اسرائیلی طیارے بغیر کسی مزاحمت کے ایرانی فضائی حدود میں پرواز کرتے رہے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق موساد کے ایجنٹس نے وسطی ایران میں اینٹی ایئرکرافٹ تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔