یو این جنرل اسمبلی :غزہ میں مستقل جنگ بندی کی قرارداد منظور
نیو یارک(اے ایف پی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا اور اقوام عالم پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔
اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں فوری طور پر ناکہ بندی ختم کرے ۔قرارداد کے حق میں 149 ووٹ پڑے ، اسرائیل اور امریکا سمیت 12 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا۔بھارت سمیت 19 ممالک اجلاس سے غیر حاضر رہے ۔قرار داد میں 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کے اندر حماس کے غیر معمولی حملے کے دوران پکڑے گئے تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ،بھاری اکثریت سے منظور قرارداد میں اسرائیل کی جانب سے بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت بھی کی گئی ہے ۔اسرائیل کے ایلچی ڈینی ڈینن نے ووٹنگ سے قبل میڈیا سے گفتگو میں قرار داد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مذاق ، اخلاقی ناکامی اور سیاسی سٹنٹ ہے ۔ فلسطینی سفیر ریاض منصور نے تمام اقوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ووٹوں کو پرعزم اقدام میں تبدیل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطینیوں پر ظلم کرنے کیلئے اسرائیل کو اسلحہ اور پیسہ نہ فراہم کیا جائے ، عالمی برادری اسرائیل سے تجارتی تعلقات ختم کرے ۔