ایران پر اسرائیلی حملہ ،بھارتی سرکاری میڈیا کی بوگس رپورٹنگ

ایران پر اسرائیلی حملہ ،بھارتی سرکاری میڈیا کی بوگس رپورٹنگ

نئی دہلی (آئی این پی )ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد بھارتی سرکاری میڈیا اسرائیل کے حق میں بوگس رپورٹنگ کر نے لگا

، اسرائیل کی تعریفیں اور اکتوبر 2024 کی پرانی  ویڈیو کو حالیہ واقعہ بنا کر پیش کر دیا۔ معروف بھارتی صحافی سندیپ منودھنے نے فیک رپورٹنگ پر سخت تنقید کی ہے ۔دور درشن کے نیوز کاسٹر نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حملے سے ایران کانپ اٹھا، تاہم یہ ویڈیو اکتوبر 2024 کی تھی جسے جعلی طور پر حالیہ واقعات کے طور پر دکھایا گیا۔سندیپ منودھنے نے کہا مودی حکومت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے خلاف جھوٹی رپورٹنگ سے سبق سیکھے ۔ دور درشن بھارت کا قومی نشریاتی ادارہ ہے جو عوام کے ٹیکس سے چلتا ہے ، ایسی جعلی اور منفی رپورٹنگ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران بھارت کا دیرینہ دوست ہے ،بھارت وہاں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے ، اس حساس وقت پر جھوٹی ویڈیو نشر کرنا بھارت کی دوغلی سفارت کاری کو ظاہر کرتا ہے جس سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے ،یہ رپورٹنگ نہ صرف صحافتی ذمہ داری سے عاری ہے بلکہ بھارتی ریاستی اداروں پر بھی سوالات اٹھا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ گودی میڈیا ٹی آر پی کے چکر میں امن کا بڑا دشمن بن چکا ہے اور جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف صحافتی جرم بلکہ سفارتی جرم بھی ہے ۔ عالمی میڈیا بھی بھارتی ریاستی میڈیا کی اس جھوٹ پر مبنی رپورٹنگ سے بخوبی واقف ہو چکا ہے ۔

 

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں