اسرائیل پر داغے جانیوالے ’’عماد، غدر اور خیبر شکن‘‘ میزائل کیا ہیں؟
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کا اسرائیل کے خلاف ’’آپریشن وعدہ صادق سوم ‘‘جاری ہے ،ایران نے اسرائیل پر ’’عماد، غدر اور خیبر شکن‘‘ میزائل داغے ہیں ،ایرانی خبر ایجنسی اسنا کے مطابق ایران کے پاس 9 قسم کے میزائل ہیں جن کی رفتار6ہزار125کلومیٹر فی گھنٹہ سے لے کر 17ہزار151 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے ۔
یہ بیلسٹک میزائل سیجل، خیبر ،عماد ،شہاب، غدر ،پایہ ،فتح- خیبر شکن اور حج قاسم ہیں۔غدر میزائل 2005 میں متعارف کرایا گیا تھا جو شہاب 3 درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا اپ گریڈڈ ویرئینٹ ہے ، شہاب تھری 2003 سے ایران کے پاس موجود ہے ۔غدر تین اقسام میں تیار کیا گیا ہے ، غدر ایس1ہزار350کلومیٹر رینج کا حامل ہے ، اس کے علاوہ غدرایچ 1ہزار650کلومیٹر اور غدرایف کی رینج 1ہزار950کلو میٹر ہے ۔غدر بیلسٹک میزائل لمبائی میں 15.86 اور 16.58 میٹر کے درمیان ہیں جب کہ اس کا وزن 15 سے 17.5 ٹن کے درمیان ہے ۔عماد بیلسٹک میزائل، غدر کی ایک اپ گریڈ شدہ قسم ہے جس کی خاصیت ہے کہ یہ درست سمت میں جاکر ٹارگٹ کو نشانہ بناتا ہے اور اس کا تجربہ 2015 میں کیا گیا تھا۔ایرانی فوجی حکام کے مطابق عماد ٹارگٹ پر گرنے تک مکمل رہنمائی اور کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جس کی وجہ سے اسے ایران کا پہلا گائیڈڈ میزائل ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو بالکل ٹھیک سمت میں جاتا ہے ۔