کوئی سلطنت ہمیشہ نہیں رہتی ، دنیا امریکہ کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتی : چین

بیجنگ (دنیا مانیٹرنگ )چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دنیا امریکا کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتی ہے ، اپنے ایکس اکاؤنٹ پر انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کوئی بھی سلطنت ہمیشہ قائم نہیں رہی۔
100 سال قبل برطانوی سلطنت کو ناقابلِ شکست سمجھا جاتا تھا، لیکن وہ بھی وقت کے ساتھ زوال پذیر ہو گئی۔ 200 سال قبل فرانس کی عظمت یورپ بھر میں چھائی ہوئی تھی، اور 400 سال پہلے سپین کی بادشاہت دنیا کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک پھیلی ہوئی تھی، لیکن آج وہ سب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں،اگر کوئی قوم اپنی طاقت اور حیثیت کو قدرتی حق سمجھ لے ، اور دنیا کی عزت کو اہمیت دینا چھوڑ دے ، تو وہی دنیا جلد ہی اسے فراموش کر دیتی ہے ،طاقت زوال پذیر ہوتی ہے ، اثر و رسوخ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتا ہے ، اور جب کسی قوم کی قیادت یہ سمجھنے لگے کہ وہ خود بخود جائز اور برتر ہے ، تو اس کی ساکھ ختم ہو جاتی ہے ،دریں اثنا چینی صدر شی جن پنگ نے قازقستان میں ازبک صدر سے ملاقات میں ایران ، اسرائیل کشیدگی جلد کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کیخلاف اسرائیلی کارروائیوں سے مشرق وسطیٰ میں اچانک کشیدگی بڑھی جس پر تشویش ہے ، ایسے اقدامات کی مخالفت کرتے ہیں جو دوسرے ممالک کی خود مختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔چینی وزیر خارجہ نے امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو جلتی پر تیل قرار دیتے خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملوں سے جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے ۔دھمکیوں سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہوسکتا اور صورتحال کو پرسکون بنانے کیلئے سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے ، بیجنگ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر تیارہے ۔مزید برآں اسرائیل میں چینی سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کو زمینی سرحدوں کے ذریعے فوری انخلا کی ہدایت کردی۔چین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر فوری ملک چھوڑ دیں کیونکہ اسرائیل،ایران تنازع بڑھتا جا رہا ہے ، سکیورٹی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے ۔ چینی شہری اردن کی طرف نکل جائیں۔ادھر چینی طیارہ بردار بحری جہاز پہلی بار کھلے بحرالکاہل میں آگئے ، امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین نے 3 طیارہ بردار بحری بیڑے مختلف علاقوں میں تعینات کر دئیے ۔چینی طیارہ بردار بحری جہاز فلپائن، جاپان اور کوریا کے قریب سمندروں میں مشقوں کے لیے موجود ہیں، چین کے نئے طیارہ بردار جہاز ‘فوجیان’ نے بھی اپنی آزمائش پوری کرلی۔سی این این کے مطابق عالمی تجزیہ کاروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چین کا تیسرا طیارہ بردار جہاز فوجیان جدید الیکٹرو میگنیٹک کیٹا پولٹ نظام سے لیس ہے ، چین دنیا کی سب سے بڑی بحری طاقت بن چکا ہے ۔