آبنائے ہرمز :تیل کے 2بحری جہازوں کی ٹکر

دبئی (نیوز ایجنسیاں )ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز کے قریب منگل کے روز دو آئل ٹینکر آپس میں ٹکرا گئے ، جس کے بعد دونوں جہازوں میں آگ لگ گئی۔
متاثرہ بحری جہازوں میں سے ایک "فرنٹ ایگل"عراق سے 20 لاکھ بیرل خام تیل لے کر چین کے شہر ژوشان جا رہا تھاجبکہ دوسرا ٹینکر "ایڈالن" خالی حالت میں مصر کی سوئز نہر کی طرف رواں دواں تھا۔ دونوں جہازوں کی رفتار اور سمت میں تبدیلی کے باعث تصادم پیش آیا۔ امریکی قیادت میں کام کرنے والی "کمبائنڈ میری ٹائم فورسز"نے بھی ایرانی بندرگاہ بندر عباس کے قریب الیکٹرانک مداخلت کی اطلاعات دی ہیں۔ خلیج میں ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفر کرنے والا تیل بردار جہاز فرنٹ ٹائن اتوار کے روز اچانک روس کے زرعی علاقوں میں ظاہر ہونے لگا حالانکہ وہ خلیج میں ہی موجود تھا۔ دوپہر کو یہی جہاز ایران کے علاقے بیدخون کے قریب دکھائی دیا پھر بار بار اس کی لوکیشن تبدیل ہوتی رہی۔ماہرین کے مطابق اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد خلیج میں سگنلز میں مداخلت بڑھ گئی ہے ، جس سے اب تک ایک ہزار سے زائد جہاز متاثر ہو چکے ہیں۔