فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ٹرمپ سے تاریخی ملاقات:وائٹ ہائوس میں ظہرانہ،ایران سے متعلق گفتگو تجارتی معاہدے پر بات ہو رہی ہے:امریکی صدر

واشنگٹن (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کابینہ سے اہم اور تاریخی ملاقات ہوئی۔۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ بھی دیا۔انہوں نے دوران ملاقات امریکی صدر کو پاک بھارت جنگ کے حوالے سے آگاہ کیا اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگو کی۔ملاقات میں پاک امریکا باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور ایران سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔امریکی صدر اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ملاقات دو گھنٹے جاری رہی۔فیلڈ مارشل نے اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیکسگتھ سے بھی ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ان کو بھارت سے جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کیلئے وائٹ ہاؤس مدعو کیا تھا۔ان کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے کیوں کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا فیلڈ مارشل سے ملاقات کے دوران حالیہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر بھی بات ہوئی ۔امریکی صدر نے کہاکہ پاکستان ایران کو دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر جانتا ہے ۔ان کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے جبکہ فیلڈ مارشل سے پاکستان کے تجارتی معاہدے پر بھی بات ہوئی۔قبل ازیں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے حوالے سے گرمجوشی کا مظاہرہ کیا اور کہا آئی لو پاکستان، مجھے پاکستان سے پیار ہے ، پاکستان ایک اہم ایٹمی طاقت اور مجھے پسند ہے ۔ انہوں نے کہا میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کو روکا ہے ۔ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے ملک کی ایک بااثر شخصیت ہیں اور انہوں نے پاکستان کی طرف سے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ۔ ٹرمپ نے کہا پاکستانی بہت اچھے لوگ ہیں۔ادھر آرمی چیف کی امریکی صدر سے ملاقات کو اسلام آباد میں ایک بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس مدعوکیا گیا جو امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی سٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے ۔ امریکی صدر سے فیلڈ مارشل کی ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکہ علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی تاریخ کے پہلے چیف آف آرمی سٹاف بن گئے جنہوں نے وائٹ ہاؤس میں موجودہ امریکی صدر سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی یہ تاریخی مصروفیت پاکستان امریکا تعلقات میں اہم موڑ کی نشاندہی کرتی ہے اور پاکستان کی عسکری قیادت کے بلند عالمی قد کو اجاگر کرتی ہے ۔ یہ ملاقات سویلین نمائندگی کے بغیر پاکستان کی فوجی قیادت اور امریکی حکومت کے اعلیٰ ترین سطح کے درمیان براہ راست سیاسی روابط کی نمائندگی کرتی ہے ۔