برطانیہ : فلسطین حامی کارکن ائیر بیس میں گھس گئے ،2طیاروںکی توڑ پھوڑ

غزہ (اے ایف پی) فلسطین کے حامی کارکنوں نے جنوب مشرقی انگلینڈ میں برطانیہ کے سب سے بڑے فضائیہ کے اڈے میں گھس کر دو طیاروں کی توڑ پھوڑ کی۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا۔ فلسطین ایکشن مہم کی جانب
سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں اس کے کارکنوں کو آکسفورڈ شائر میں رائل ایئر فورس کے اڈے میں گھستے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 لوگ سکوٹرز پر سوار ہوکر رائل ائیر فورس کے ری فیولنگ کیلئے استعمال ہونے والے طیاروں تک پہنچے ، ویڈیو میں کارکن سکوٹروں پر اڈے پر گھومتے ہوئے ہوائی جہاز پر سرخ پینٹ کا چھڑکاؤ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ فلسطین ایکشن گروپ کا کہنا ہے کہ طیاروں کو نقصان اس لیے پہنچایا کیونکہ برطانوی ایئرفورس اسرائیل کو گارگوز بھیجنے ، غزہ میں جاسوسی اور اسرائیلی طیاروں کی ری فیولنگ کرنے کے عمل میں مدد دے رہی ۔برطانوی وزارت دفاع نے رائل ایئرفورس کے جہازوں کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ معاملے کی چھان بین کیلئے پولیس کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں جمعہ کو غزہ میں امداد کے متلاشی 31افراد سمیت مزید 60شہید ہو گئے ۔شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے میڈیا کو بتایا 20ماہ سے زائد جنگ کے بعد غزہ میں قحط کے باعث ہزاروں فلسطینی روزانہ خوراک کی امید میں نیٹزارم کے علاقے میں جمع ہوتے ہیں جہاں اسرائیلی فوج فائرنگ ،ڈرون حملوں ،بمباری اور ٹینکوں کی گولہ باری سے نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بناتی ہے ، محمود بسال نے کہا 5 افراد جنوبی غزہ کی پٹی میں امداد کا انتظار کرتے ہوئے جبکہ 26نیتزاریم کوریڈور کے قریب شہید ہوئے ۔جب امریکا اور اسرائیل کی حمایت یافتہ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن نے اپنے تقسیمی مراکز کھولے تو اس طرح کے واقعات اس علاقے میں مئی کے آخر سے باقاعدگی سے رونما ہوتے رہے ہیں۔باسل نے کہا کہ وسطی شہر دیر البلاح میں اور اس کے آس پاس دو الگ الگ حملوں میں 14 افراد اور غزہ شہر کے علاقے میں تین اسرائیلی فضائی حملوں میں 13 افراد شہید ہوئے ۔ باسل نے کہا ایک اور حملے میں فون چارجنگ سٹیشن کو نشانہ بنایا جہاں تین افراد مارے گئے ۔حماس کے مسلح گروپ القدس بریگیڈز نے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فوجی چوکی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔