پہلگام میں حملہ آوروں کو پناہ دینے کا الزام، 2 افراد گرفتار
نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں )بھارتی انسداد دہشت گردی ایجنسی نے پہلگام واقعے کے حملہ آوروں کو پناہ دینے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) نے دعویٰ کیا دونوں ملزم پہلگام کے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں دو ماہ قبل مسلح افراد نے 26 افراد کو قتل کر دیا تھا۔این آئی اے نے بیان میں کہا ان دونوں افراد نے دہشتگردوں کو خوراک، پناہ گاہ اور دیگر لاجسٹک سہولیات فراہم کی ،ملزموں کی شناخت پرویز احمد جوتھر اور بشیر احمد جوتھر کے طور پر کی ہے ، ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ گرفتار افراد نے اس حملے میں ملوث تین مسلح دہشتگردوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے ۔تاہم مقامی لوگوں نے این آئی اے کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتارکئے گئے نوجوان عام شہری ہیں جن کا ایسی سرگرمیوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اضافی بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود امرناتھ یاتریوں پر جعلی حملے کا خدشہ موجودہے ،میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی آر ایف کے حملے کی منصوبہ بندی کی انٹیلی جنس رپورٹس کے باوجود خدشات بڑھ رہے ہیں ، فالس فلیگ آپریشن کیا جا سکتا ہے ۔ری پبلک ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سانبہ میں دہشتگردی کے شبہات پر حالیہ تلاشی کی کارروائیاں ہنگامہ خیز ماحول کی عکاسی کرتی ہیں جس کا مقصد جعلی کارروائیوں کیلئے سٹیج ترتیب دینا ہوسکتا ہے ۔