غزہ:اسرائیلی بربریت،8 بچوں سمیت مزید 52 شہید

غزہ:اسرائیلی بربریت،8 بچوں سمیت مزید 52 شہید

غزہ ،صنعا(اے ایف پی)غزہ میں شہری دفاع کے ادارے نے کہا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی افواج کے فضائی اور۔۔

 زمینی حملوں میں8بچوں ،2خواتین سمیت کم از کم 52 افراد شہید ہو گئے ، شہری دفاع کے اہلکار محمد المغیر نے کہا غزہ کے شہری مختلف ؎علاقوں میں اسرائیلی بربریت کا نشانہ بنے ۔مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ اور چاقو حملے میں 22 سالہ اسرائیلی شہری ہلاک ہو گیا، دو فلسطینی حملہ آوروں کو اسرائیلی فوج نے موقع پر ہی گولی مار کر شہید کر دیا۔ادھر اسرائیلی ڈرون حملے میں جنوبی لبنان میں ایک شخص شہید ہو گیا۔اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے قطر میں جاری بالواسطہ مذاکرات جمعرات کو پانچویں روز میں داخل ہو گئے ۔سینئر حماس رہنما باسم نعیم نے کہا کسی ایسی جنگ بندی پر آمادہ نہیں جس میں اسرائیلی فوج کی غزہ میں بڑی سطح پر موجودگی برقرار رکھی جائے ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات گزشتہ ادوار کے مقابلے میں زیادہ قریب آ چکے ، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض چیلنجز اب بھی باقی ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل 60 روزہ جنگ بندی کے دوران غزہ میں مستقل جنگ بندی پر مذاکرات کے لیے تیار ہے ، لیکن شرط یہ ہے کہ حماس ہتھیار ڈال دے اور اس کی عسکری و حکومتی صلاحیتیں ختم کر دی جائیں۔ یو این سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفان دوجارک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ 130 دن کے بعد پہلی بار 75ہزار لٹر ایندھن غزہ پہنچانے میں کامیاب ہو گئی ہے ، تاہم یہ مقدار جنگ زدہ علاقے میں شدید قلت کو ختم کرنے کے لیے ناکافی ہے ۔ روزانہ سینکڑوں ہزار لٹر ایندھن درکار ہوتا ہے تاکہ زندگی بچانے والی بنیادی خدمات جاری رہ سکیں۔ پہنچایا گیا ایندھن ایک دن کی ضروریات بھی پوری نہیں کرتا۔یمنی حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز ایٹرنٹی سی کو نشانہ بنا کر ڈبو دیا ، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک، 12 لاپتا جبکہ 10 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔یورپی یونین کی بحری فورس کے مطابق بچائے گئے افراد میں تین فلپائنی اور ایک یونانی بھی شامل ہے ۔یہ چند دنوں میں حوثیوں کی جانب سے دوسرا بڑا حملہ ہے ۔علاوہ ازیں حوثی باغیوں نے جمعرات کو دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے گوریون ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں