غزہ : امداد کے منتظر 10افراد سمیت مزید 40شہید

غزہ : امداد کے منتظر 10افراد سمیت مزید 40شہید

غزہ ،یروشلم(اے ایف پی) غزہ میں شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا جمعہ کو اسرائیلی حملوں میں امداد کے منتظر 10 افراد سمیت 40 شہری شہید اور کئی زخمی ہوئے ۔

اقوام  

متحدہ نے ایک رپورٹ میں کہا 6 ہفتوں کے دوران امداد کے حصول کے دوران شہید افراد کی تعداد 798 ہو گئی ہے ، ان میں سے 615 شہادتیں امریکی و اسرائیلی حمایت یافتہ غزہ ہیومنیٹیرین فاؤنڈیشن کے مراکز کے قریب ہوئیں۔ اقوام متحدہ نے امدادی مراکز پر فائرنگ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر تنقید کی ہے ۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امید ظاہر کی ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ آئندہ چند دنوں میں طے پا سکتا ہے ، جس کے بعد ایک طویل المدتی جنگ بندی پر بھی بات ہو سکتی ہے ، بشرطیکہ حماس ہتھیار ڈال دے اور غزہ میں اپنا کنٹرول ختم کرے ۔ عالمی طبی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرزنے جمعہ کو کہا غزہ میں شدید غذائی قلت خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے ۔ جنوبی و شمالی غزہ میں غذائی قلت کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ۔ کلینکس میں 700 سے زائد حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور 500 کے قریب شدید غذائی قلت کے شکار بچے زیر علاج ہیں۔غزہ سٹی کلینک میں صرف دو ماہ میں مریضوں کی تعداد 293 سے بڑھ کر 983 ہو گئی ہے ۔ایم ایس ایف کے نائب میڈیکل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد ابو مغیصب کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ہم نے غزہ میں غذائی قلت کے اتنے شدید کیسز دیکھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں