عمر92سال ،طویل ترین حکمرانی ، اقتدار چھوڑنے کا ارادہ نہیں
یاؤندے (اے ایف پی، رائٹرز ) کیمرون کے 92 سالہ صدر پال بیا نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ اکتوبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں آٹھویں مرتبہ صدارت کے امیدوار ہوں گے ۔
انھوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا میں 12اکتوبر 2025کے صدارتی انتخابات کا امیدوار ہوں۔ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ملک کو درپیش سنجیدہ چیلنجوں کے مقابلے میں میری خدمت کا عزم کہیں زیادہ مضبوط ہے ۔ ۔ بہترین وقت ابھی آنا باقی ہے ۔اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تو اُن کا اقتدار 43 سال سے زائد عرصے پر محیط ہو جائے گا۔ جون 2004 میں جب پال بیا ایک طویل غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس آئے تو اُنہوں نے اپنی موت کی افواہوں پر طنز کرتے ہوئے کہا تھالوگ میری آخری رسومات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اُن سے 20 سال بعد ملاقات ہو گی۔یہ بات 21 سال پہلے کی ہے ، اور آج 92 سالہ پال بیا دنیا کے سب سے معمر اور طویل عرصے سے برسراقتدار رہنے والے سربراہ مملکت ہیں اور اُن کے جانے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔اخبار "Le Messager" نے پیر کے روز صفحئہ اول پر پال بیا کی تصویر کے ساتھ سرخی لگائی ’ہم برباد ہو گئے ‘۔صدر بیا کے دو قریبی ساتھی حالیہ دنوں میں ان کی پارٹی چھوڑ کر الگ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکے ، جسے ان کی قیادت کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ تصور کیا جا رہا ہے ۔تاہم سیاسی تجزیہ کار راؤل سومو تیو نے کہاحکمران جماعت اب بھی بیوروکریسی کو متحرک کر سکتی ہے اور پرانے انتخابی ہتھکنڈے استعمال کر کے بیا کے لیے آٹھویں مدت حاصل کر سکتی ہے ۔مگر اس بار ایک بات مختلف ہے اور وہ ہے عوام کا بڑھتا ہوا سیاسی شعور اور بیداری۔