غزہ :اسرائیلی حملے ،مزید22شہید،متعدد زخمی
غزہ (اے ایف پی) غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 22افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔۔۔
سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ غزہ سٹی کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ فضائی حملوں میں 10 فلسطینیوں کی شہادت ہوئی، خان یونس کے جنوبی علاقے میں 12 مزید افراد مارے گئے ۔دوسری جانب اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ کے شمالی علاقے میں جھڑپیں جاری ہیں۔اسلامی جہاد کی مسلح شاخ القدس بریگیڈز نے پیر کو ایک ویڈیو جاری کی جس میں کہا گیا کہ اس کے مجاہدین نے شجاعیہ کے قریب ایک اسرائیلی فوجی کمانڈ اور کنٹرول سنٹر پر میزائل داغے ہیں ۔حماس نے اسرائیلی وزیر اعظم پر قطر میں جاری جنگ بندی مذاکرات کو ناکام بنانے کا الزام عائد کیا ہے ۔حماس نے اپنے ٹیلیگرام بیان میں کہا کہ نیتن یاہو ایک کے بعد ایک مذاکراتی دور کو سبوتاژ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں ،کسی معاہدے پر پہنچنے کے لیے تیار نہیں۔