وزیرداخلہ کی ایرانی صدر سے ملاقات ، عظیم فتح پر مبارکباد

وزیرداخلہ کی ایرانی صدر سے ملاقات ، عظیم فتح پر مبارکباد

تہران (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، پاک ایران تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔

وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو جنگ میں عظیم فتح کی مبارک باد دی ،وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر سمیت پوری قوم نے جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اﷲ خامنہ ای کی دانشمندانہ قیادت اور آپ کی بہترین حکمت عملی نے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا جو امت مسلمہ کے لئے باعثِ فخر ہے ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو نیک خواہشات اور احترام کا پیغام پہنچایا ۔ ایرانی صدر نے اسرائیلی مسلط کردہ جنگ کے دوران پاکستان کی مخلصانہ حمایت پر شکریہ ادا کیا ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اﷲ علی خامنہ ای کے مشیر اعلیٰ برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، پاک ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن پاک ایران تعلقات میں کوئی رخنہ نہیں ڈال سکتا ،بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ مشہد پہنچ گئے ، مشہد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پرصوبہ خراسان کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری نے خیرمقدم کیا۔ وزیر داخلہ اور خراسان کے گورنر کے درمیان ملاقات ہوئی ، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں