غزہ:اسرائیلی بمباری،2روز میں 100سے زائد شہید
غزہ (رائٹرز)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 2روز میں 100سے زائدافراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ، غزہ میں طبی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کی ، خان یونس ، رفح، التفاح اور الشجاعیہ کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے امدادی سامان کی تقسیم کے مقام الشاکوش کے قریب بھی فائرنگ کی،شمالی وسطی غزہ میں النصیرات کیمپ کے قریب پانی بھرنے والی ایک گاڑی پر میزائل حملہ کیا گیا۔دوسری جانب لبنان کے علاقے بقاع میں اسرائیلی فضائی حملے میں 12 افراد شہید ہو گئے ، جن میں حزب اللہ کے 5 جنگجو اور زرعی شعبے سے وابستہ 7 شامی شہری شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے منگل کو بتایا کہ گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران غزہ میں امدادی مراکز یا ان کے آس پاس کم از کم 875 افراد شہید ہو چکے ۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم کی اتحادی الٹرا آرتھوڈوکس جماعت ’یو ٹی جے ‘ نے فوجی بھرتی سے متعلق قانون پر اختلاف کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا،جس کے باعث نیتن یاہو حکومت کو اس وقت سخت سیاسی دباؤ کا سامنا ہے ،اتحادی جماعت کے فیصلے کے بعد 120 رکنی پارلیمنٹ میں حکومت کے پاس صرف 61 نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر مزید جماعتیں الگ ہو گئیں تو نیتن یاہو کی حکومت گر سکتی ہے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کو حکومت بچانے کے لیے یا تو یو ٹی جے کو دوبارہ منانا ہوگا یا نئی جماعتوں سے اتحاد کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر قبل از وقت انتخابات کا راستہ اختیار کرنا پڑ سکتا ہے ۔