امریکی پابندیاں:بھارت کیلئے روسی تیل لیکر جانیوالے جہازوں کا راستہ تبدیل

امریکی پابندیاں:بھارت کیلئے روسی تیل  لیکر جانیوالے جہازوں کا راستہ تبدیل

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)تجارت سے منسلک ذرائع اور بحری جہازوں کے راستوں کے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ انڈیا کے لیے روانہ روسی تیل سے لدے دو جہازوں نے نئی امریکی پابندیوں کے بعد کسی دوسری منزل کا رُخ کیا ہے ۔

تجارتی ذرائع نے بتایا کہ تین بحری جہاز ایفراماگزس ٹیگور، گوانین اور سوئزمیکس تاسوس رواں ماہ انڈین بندرگاہوں پر روسی تیل کی ترسیل کرنے والے تھے ۔ یہ تینوں مال بردار بحری جہاز امریکی پابندیوں کی زد میں ہیں۔تجارتی ذرائع اور روسی بندرگاہوں کے اعداد و شمار کے مطابق بحری جہاز ٹیگور انڈیا کے مشرقی ساحل پر چنئی جا رہا تھا، جبکہ گوانین اور تاسوس مغربی انڈیا کی بندرگاہوں کی طرف جا رہے تھے ۔اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ تیل بردار بحری جہاز ٹیگور اب چین میں ڈالیان کی بندرگاہ کی طرف جا رہا ہے جبکہ تیل بردار تاسوس اپنا رخ مصر کی پورٹ سعید کی طرف موڑ رہا ہے ۔ادھر ایل ایس ای جی ڈیٹا کے مطابق روسی تیل سے لدے دو دیگر جہاز اچیلز اور ایلیٹ ریلائنس کے لیے روسی تیل پہنچانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ دونوں جہاز برطانیہ اور یورپی یونین کی طرف سے پابندیوں کی زد میں ہیں۔انڈیا نے یورپی یونین کی پابندیوں کی مذمت کی ہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے رواں ہفتے ایران سے منسلک 115 سے زائد افراد، اداروں اور بحری جہازوں پر پابندیاں عائد کی ہیں، جن میں سے بعض روسی تیل کی نقل و حمل میں ملوث ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں