غزہ :اسرائیلی فضائی حملے ، فائرنگ ، مزید18شہید،36 زخمی
غزہ(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک )غزہ میں ہفتے کو اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ میں18افراد شہید اور 36زخمی ہوئے ۔مرکزی اور جنوبی غزہ میں 10 افراد مارے گئے۔۔۔
خان یونس میں دو بھائیوں سمیت پانچ،زوایدہ اور دیر البلح کے درمیان ایک گھر پر حملے میں والدین اور ان کے تین بچے ،خان یونس میں خیمے پر حملے میں ماں اور بیٹی شہید ہو گئیں۔ رفح کے قریب امداد کے انتظار میں کھڑے پانچ فلسطینیوں کو اسرائیلی فورسز نے گولی مار کر شہید کر دیا۔اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نے کہا اگر یرغمالیوں کو رہا نہ کیا گیا تو لڑائی بغیر رکے جاری رہے گی۔ادھر تل ابیب میں یرغمالیوں کے اہل خانہ نے مظاہرہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے موثر اقدامات کرے ۔ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی مظاہرے میں شریک ہوئے ۔ حماس نے کہا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے ۔بیان میں کہا ہماری مسلح مزاحمت تب تک نہیں رک سکتی جب تک ہمارے تمام قومی حقوق کی مکمل بحالی نہ ہو۔ادھر دہشت گردی کے خطرے کے باعث اسرائیل نے متحدہ عرب امارات سے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا۔ اسرائیلی نیشنل سکیورٹی کونسل نے کہا امارات میں یہودی اور اسرائیلی افراد کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی جا سکتی ہیں ، مقدس تہواروں کے مواقع پر یہ خطرہ زیادہ ہے ۔جرمن حکومت نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں جزوی بہتری کے باوجود صورتحال اب بھی تشویشناک ہے ،امدادی سامان ناکافی ہے ۔