غزہ :امدادی مرکز پراسرائیلی حملہ، 37 شہید، 230زخمی
غزہ (اے ایف پی)غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ ہفتے کوامدادی مرکز پراسرائیلی حملوں میں 37 افراد شہید اور 230زخمی ہو گئے جبکہ خان یونس کے قریب ڈرون حملے میں متعدد افراد شہید ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
دوسری جانب اسرائیلی شہر تل ابیب میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے یرغمال بنائے گئے افراد کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور حکومت سے ان کی فوری رہائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے یہ مظاہرے حکومت کے اس اعلان کے دو دن بعد ہوئے جس میں غزہ سٹی پر قبضے اور جنگ کے دائرہ کار کو بڑھانے کی منظوری دی گئی تھی ۔ علاوہ ازیں عرب اور مسلم ممالک نے اسرائیل کے غزہ پر کنٹرول کے منصوبے کو خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے ۔ ہفتے کو جاری مشترکہ بیان میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ سمیت 20 ممالک نے کہا کہ یہ منصوبہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور ناجائز قبضے کو مستقل بنانے کی کوشش ہے ۔ عرب دنیا نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔جنوبی لبنان میں ہفتے کو حزب اللہ کے ایک مرکز میں بارودی مواد کو ناکارہ بناتے وقت دھماکے کے نتیجے میں 6 لبنانی فوجی شہید ہو گئے ۔