کولگام آپریشن :بھارت کو ہزیمت کا سامنا،فوجی مٹی کھانے پر مجبور
سرینگر ، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں بھارتی فوج کا 12 روزہ بڑا آپریشن بری طرح ناکام ہوگیا۔۔
مزاحمت کاروں کے خلاف آپریشن میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کرنل سمیت 14 زخمی ہوئے جبکہ کئی ہیلی کاپٹر اور ڈرونز بھی ناکارہ ہو گئے ۔ بھارتی فوجی بھوک پیاس کے عالم میں مٹی کھانے پر مجبور ہوگئے ۔کولگام میں 12 روزہ آپریشن کے بعد بھارتی فوج کو خالی ہاتھ پسپائی اختیار کرنا پڑی،ایک بھارتی فوجی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 دن سے کھانے پینے کو کچھ نہیں، فوجی مٹی کھا کر زندہ ہیں، بھارتی ذرائع نے اعتراف کیا کہ مجاہدین محاصرہ توڑ کر فرار ہو گئے ۔دوسری جانب بھارت کے یوم آزادی 15 اگست کو کشمیری عوام یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے ، جبکہ آج 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی پر حریت کانفرنس نے پاکستان کو دلی مبارکباد دی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے ، جبکہ بھارت ظالم و غاصب ہے ۔ حریت رہنماؤں نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ 15 اگست کو مکمل ہڑتال کریں اور دنیا کو پیغام دیں کہ بھارت کا یوم آزادی کشمیر میں یوم سیاہ ہے ۔ادھر کولگام آپریشن میں ناکامی کے بعد بھارت نے مزید پیرا کمانڈوز اور سی آر پی ایف کی کمپنیاں تعینات کر دیں، پابندیاں سخت کر دی گئیں اور سرینگر سمیت تمام اضلاع میں گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔