طالبان کے وزیر خارجہ پہلی بار اگلے ہفتے بھارت کا دورہ کرینگے

طالبان کے وزیر خارجہ پہلی بار اگلے ہفتے بھارت کا دورہ کرینگے

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک )افغان طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی پہلی بار اگلے ہفتے 9 اکتوبر کو بھارت کا دورہ کریں گے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق طالبان کے 2021 میں افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد کابل سے نئی دہلی کا پہلا اعلیٰ سطحی سرکاری دورہ ہوگا۔۔۔

 جسے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امیر خان متقی کو بین الاقوامی سفری پابندیوں سے عارضی استثنیٰ دیا ہے ، جس کے تحت وہ 9 سے 16 اکتوبر کے دوران بھارت میں قیام کر سکیں گے ۔بھارتی حکام کئی مہینوں سے اس ملاقات کی تیاری کر رہے تھے ۔ جنوری 2025 سے اب تک دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتکاروں کے درمیان کئی بار بات چیت ہو چکی ہے جن میں دبئی میں ہونے والی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ ان مذاکرات میں افغانستان کو انسانی امداد، صحت کے شعبے میں تعاون اور افغان مہاجرین کی بحالی جیسے معاملات پر بات چیت ہوچکی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امیر خان متقی کادورہ بھارت نہ صرف طالبان کی خارجہ پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ ہے ، بلکہ یہ پاکستان کیلئے بھی بڑا سفارتی دھچکا ہو سکتا ہے جو اب تک افغانستان پر اثر و رسوخ قائم رکھنے کی کوشش کرتا آیا ہے ۔ 10 اکتوبر کو ہونے والی دوطرفہ ملاقات کو ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے جو جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی سیاسی تصویر کو نئی سمت دے سکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں