وینزویلا کی اپوزیشن رہنما کیلئے نوبیل امن انعام، امریکا ناراض
ماریا کورینا مَچَڈوکو گزشتہ سال صدارتی انتخاب میں حصہ لینے سے روکا گیا ، روپوش ہیں انعام وینزویلا کے مظلوم عوام اور ٹرمپ کے نام کرتی ہوں:ماریا کا سوشل میڈیا پر پیغام ٹرمپ جنگیں ختم کرا رہے ،نوبیل کمیٹی نے امن سے زیادہ سیاست کو ترجیح دی :وائٹ ہاؤس
اوسلو (رائٹرز) وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا مَچَڈوکو جمعہ کے روز 2025 کا نوبیل امن انعام دیا گیا۔ نوبیل کمیٹی کے مطابق یہ اعزاز انہیں ملک میں آمریت کے خلاف جدوجہد اور جمہوری آزادیوں کے دفاع پر دیا گیا ہے ۔58 سالہ ماریا اس وقت خفیہ مقام پر مقیم ہیں، انہیں 2024 میں وینزویلا کی عدالتوں نے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا تھا تاکہ وہ صدر نکولس مادورو کے مد مقابل نہ آسکیں، جو 2013 سے اقتدار میں ہیں۔ ماریا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X)پر ایک پیغام میں کہا:میں یہ انعام وینزویلا کے مظلوم عوام اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کرتی ہوں، جنہوں نے ہماری جدوجہد میں فیصلہ کن حمایت فراہم کی!سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے سخت ناقد ہیں اور امریکا ان ممالک میں شامل ہے جو مادورو کی حکومت کو غیر قانونی سمجھتے ہیں۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان اسٹیون چونگ نے ایک بیان میں کہا:صدر ٹرمپ امن کے معاہدے کرا رہے ہیں، جنگیں ختم کر ارہے ہیں اور زندگیاں بچا رہے ہیں۔ نوبیل کمیٹی نے ایک بار پھر دکھایا کہ وہ امن سے زیادہ سیاست کو ترجیح دیتی ہے ۔جبکہ نوبیل کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا:جب آمر اقتدار پر قابض ہوں تو آزادی کے بہادر محافظوں کا کردار تسلیم کرنا نہایت ضروری ہے ، جو مزاحمت کرتے ہیں اور امید کو زندہ رکھتے ہیں۔