مصر:آج غزہ امن معاہدے پر دستخط، شہباز شریف سمیت 20عالمی رہنما شریک ہونگے

مصر:آج غزہ امن معاہدے پر دستخط، شہباز شریف سمیت 20عالمی رہنما شریک ہونگے

ٹرمپ غزہ امن سمٹ کی صدارت کرینگے ،حماس اوراسرائیل نے شرم الشیخ امن کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا مشرق وسطیٰ میں امن کے نئے دور کا آغاز ہو گا:مصر ،ایران نے اجلاس میں شرکت کی دعوت مسترد کر دی

قاہرہ(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)امریکی صدر ٹرمپ اور ان کے مصری ہم منصب عبدالفتاح السیسی آج پیر کو شرم الشیخ میں غزہ امن سمٹ کی صدارت کرینگے جس میں اقوام متحدہ کے سربراہ سمیت دنیا کے کئی رہنما شرکت کرینگے ۔ مصری صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی شہر شرم الشیخ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کرینگے ۔ اجلاس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جنگ کا خاتمہ، مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی کوششوں کو فروغ دینا اور علاقائی سلامتی کے نئے دور کا آغاز کرنا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف آج مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت پر مصر کے شہر شرم الشیخ پہنچیں گے ، جہاں وہ غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب اور شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم اور دیگر وفاقی وزرا بھی وفد کا حصہ ہوں گے ۔اتوار کو مصری وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ اس تاریخی اجلاس کے دوران غزہ کی پٹی میں جنگ ختم کرنے سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط کی توقع ہے ۔

یہ سمٹ امن و سلامتی کے نئے باب کا آغاز کرنے اور غزہ میں فلسطینی عوام کی تکالیف کم کرنے کے لیے ہورہی ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے شرکت کی تصدیق کی ہے ، برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر، اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی ،ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز ،فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں اور ترک صدر صدر رجب طیب ارد گان بھی شریک ہونگے ۔یورپی کونسل کی نمائندگی انتونیو کوسٹا کرینگے ۔اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کی شرکت بھی متوقع ہے ۔اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ شرم الشیخ میں غزہ پر امن کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا،قبل ازیں حماس نے اعلان کیا تھا کہ وہ شرم الشیخ اجلاس میں امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک نہیں ہونگے ۔اسرائیل اور حماس کی عدم شرکت کے فیصلے کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے ۔

ایران نے مصر کی جانب سے غزہ سمٹ میں شرکت کی دعوت موصول ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا کہ صدر مسعود پزیشکیان کو دعوت دی گئی تھی، جسے ایران نے بعد میں مسترد کر دیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بعد ازاں وزیر خارجہ عباس عراقچی کو دعوت دی گئی ، تاہم ابھی تک واضح نہیں کہ عراقچی یا کوئی اور نمائندہ سمٹ میں شریک ہوگا یا نہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں