غزہ :اسرائیلی حملے ،3 شہید،45فلسطینیوں کی لاشیں واپس
سابق اسرائیلی فوجی ایڈووکیٹ جنرل فلسطینی پر تشدد کی ویڈیو لیک کرنے پر گرفتار
غزہ سٹی (اے ایف پی)غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں اتوار کو مزید 3 افراد شہید ہو گئے ، غزہ کے کئی علاقوں میں حماس اور اسرائیل کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں جنوبی لبنان کے صوبہ نبطیہ میں 2 افراد شہید اور 7 زخمی ہوگئے ۔ادھر اسرائیل نے پیر کو جنگ بندی معاہدے کے تحت 45 فلسطینیوں کی لاشیں غزہ کے حکام کے حوالے کر دیں، جس سے اب تک واپس کی گئی لاشوں کی کل تعداد 270 ہو گئی ہے ۔ اسرائیلی پولیس نے سابق فوجی ایڈووکیٹ جنرل یفات تومر یروشلمی کو اس ویڈیو کے افشا کے معاملے پر گرفتار کر لیا جس میں فوجی اہلکاروں کو ایک فلسطینی قیدی پر تشدد کرتے دیکھا گیا تھا۔ وزارتِ قومی سلامتی کے مطابق یروشلمی نے استعفیٰ کے بعد کئی گھنٹے لاپتا رہنے کے بعد خود کو حکام کے حوالے کیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان پر فراڈ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری معلومات افشا کرنے کے الزامات عائد ہیں۔ ویڈیو 2024 میں لیک ہوئی تھی جس کے بعد 5 ریزرو فوجیوں پر مقدمہ چلایا گیا۔ عدالت نے ان کا ریمانڈ بدھ تک منظور کر لیا۔