2026 یوتھ کا سال قرار، مریم نواز کا پنجاب بھر میں آئی ٹی سٹیز بنانے کا اعلان
اگلے سال 1،1لاکھ الیکٹرک بائیکس ، لیپ ٹاپ،سکالرشپ دینگے ،سکلڈ نوجوانوں کیلئے پرواز کارڈ متعارف کرا یاجائیگا فتنہ کا بیانیہ نہیں چلے گا،بیانیہ نہیں خدمت سے پاکستان ترقی کریگا:وزیراعلیٰ،لودھرا ں میں لیپ ٹاپ ،سکالرشپ تقسیم
لودھراں(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لودھراں میں ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کے دوران 2026کویوتھ کا سال قرار دینے کا اعلان کیا،انہوں نے طلبہ کواگلے سال ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دینے ،پورے پنجاب میں آئی ٹی سٹیز بنانے اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا سنٹر لاہور میں بنانے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے اگلے سال سے ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور ایک لاکھ سکالر شپ دینے اور سکلڈ نوجوانوں کے لئے پرواز کارڈ متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ بچوں نے محنت کرکے اپنے والدین اور میرے خواب پورے کئے ، بچوں کو سکالر شپ، ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ دے رہے ہیں، ان سکیموں سے بھی بڑھ کرمزید اپنے بچوں کے لئے بہت کچھ کریں گے۔لیپ ٹاپ کی تقریب بڑے شہرکی بجائے لودھراں میں کرکے ثابت کیا کہ میرے دل میں شہروں کی کوئی تفریق نہیں۔
راولپنڈی، لاہور، ملتان، لیہ، بھکر، ساہیوال کی وزیرا علیٰ بھی ہوں سب میرے لئے برابر ہیں۔ تمام بچوں سے اس پلیٹ فارم سے وعدے کرتی ہوں آپ کے تمام خوابوں کو حقیقت کا رنگ دیا جائے گا۔ ہم نے پنجاب میں صرف اعلانات نہیں کئے بلکہ پراجیکٹ شروع کئے ہیں۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال مرد چیف منسٹر نہیں بہتر کرسکے ،وہ ایک خاتون،آپ کی بیٹی نے کر دکھایا۔ والدین سے اپیل کرتی ہوں کہ بیٹیاں جو بھی کرنا چاہتی ہوں ان کو سپورٹ کریں۔ مریم نواز نے کہاکہ وی وی آئی پی اور ڈالہ کلچر کا پورے پنجاب سے خاتمہ کر دیا ہے ۔ بچے یا بچیاں وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرسکیں تو یہ حکومت کی ناکامی ہوگی،ہم پورے پنجاب کے اندر آئی ٹی سٹی بنانے جارہے ہیں۔ کہتے ہیں کہ پنجاب کے پاس بہت زیادہ پیسے ہیں ۔ پیسے سب کے پاس ہیں، پنجاب اپنے عوام پر خرچ کرتا ہے۔
دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کو بھی این ایف سی ایوارڈسے پیسے ملتے ہیں۔ جتنے بھی پیسے ملتے ہیں ، یہ پیسہ پہلی بار پنجاب کے عوام پر لگ رہا ہے ۔دیگر صوبے سے آنے والے افراد کو بھی پنجاب روزگار اور صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے ۔ اڈیالہ جیل اور پروٹوکول سے فرصت ملے تو دیکھیں عوام رل گئے اور ہسپتال اور روڈز کھنڈرات بن گئے ۔فتنہ، انتشار، پولیس اور رینجرز والے کو مارنے کا بیانیہ نہیں چلے گا۔ بیانیہ، بیانیہ کا کھیل ختم ہوگیا ہے پاکستان میں اب پرفارم کرنا ہوگا۔بیانیہ کا کھیل کھیلنے والوں نے پاکستان کو ڈبو دیا تھا، لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے کام کرنا پڑتا ہے ۔ اب بیانیہ کا نہیں بلکہ خدمت اور پراجیکٹ لانچ کرنے سے پاکستان ترقی کرے گا۔
میرا آپ سے وعدہ ہے کہ حکومت پنجاب سے جو ہوسکا طلبہ اور نوجوانوں کے لئے کرے گی۔ طلبہ وعدے کریں کہ دھرتی ماں کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے اور کوئی آنچ تک نہیں آنے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بچوں اورخواتین کے خلاف جرائم میری ریڈ لائن ہیں، میں آپ کی وزیراعلیٰ نہیں بلکہ خادم ہوں،اپنا اعمال نامہ آپ کے سامنے رکھ رہی ہوں کیونکہ میں آپ کو جوابدہ ہوں، 2 ہزار کے قریب پراپرٹیوں پر قبضے واپس دلوائے جاچکے ہیں، آپ کو اب پنجاب میں کوئی مافیا نظر نہیں آئے گا، پنجاب اس وقت مافیا فری ہے ۔