غزہ سے ملی ایک اور یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے
رضا کار ایمبولینس ڈرائیور لیورروڈیف کی لاش ریڈکراس نے اسرائیل پہنچائی 28 سے 22لاشیں اسرائیل کوموصول،6 اب بھی غزہ کے ملبے میں موجود
غزہ ،یروشلم (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)حماس نے ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے کردی،لاش کو شناخت کیلئے ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیل پہنچا یا گیا ۔اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ایک تابوت ملا جس کے بارے میں حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ اس میں جمعہ کے روز جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس سے ملنے والی اسرائیلی یرغمالی کی لاش ہے ،اس لاش کی شناخت کرلی گئی ہے یہ رضاکار ایمبولینس ڈرائیور لیور روڈیف کی لاش ہے ۔ حماس نے 10 اکتوبر کو شروع ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت تمام 20 زندہ یرغمالیوں کو رہا کر دیا تھا جبکہ 28 مقتولین میں سے 22 کی لاشیں بھی اسرائیل بھجوا دی گئی ہیں، اب بھی چھ لاشیں غزہ کے ملبے میں موجود ہیں جن میں5اسرائیلی اور ایک تھائی باشندہ شامل ہے ۔امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے دوران اسرائیل نے اپنی جیلوں میں بند 250 فلسطینی قیدیوں اور غزہ سے ایک ہزار718 قیدیوں کو رہا کردیاہے ۔