پاکستان جا کر کارروائیاں کرنیوالے باغی تصور ہونگے :افغان علما
افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہ ہونے دے
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) کابل میں 100 سے زائد علما نے ایک اجتماع میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے اور اس حوالے سے امیر کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،پاکستان جا کر مسلح کارروائیاں کرنیوالے باغی تصور ہونگے ۔طلوع نیوز نے اس اجتماع کی خبر دیتے ہوئے بتایا ہے کہ علما نے حکومت سے اس حوالے سے سپریم لیڈر کے حکم پر عمل کرنے کے لیے کہا ہے ۔علما نے کہا کہ کسی کو بھی افغانستان سے باہر جا کر عسکری سرگرمیوں کی اجازت نہ دی جائے ،علمائے نے اس بات پر زور دیا کہ کسی کو بھی افغان سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور اگر کوئی اس فیصلے کی تعمیل نہیں کرتا ہے تو حکومت اس کے خلاف کارروائی کا حق رکھتی ہے ۔ اجلاس میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ فیصلوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو باغی قرار دیا جائے گا۔