امریکا :تائیوان کو 11ارب ڈالر کااسلحہ فروخت کرنیکی منظوری
تائی پے ،بیجنگ(اے ایف پی)تائیوان نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے 11 ارب ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دی ہے ، جو جزیرے کی سب سے بڑی اسلحہ پیکجز میں سے ایک ہے تاکہ ممکنہ چینی حملے کو روکا جا سکے۔۔۔
اس پیکیج میں راکٹ سسٹمز، ہاؤٹزرز، اینٹی ٹینک میزائلز، ڈرونز اور دیگر آلات شامل ہیں۔ امریکی کانگریس کی منظوری کے بعد یہ فروخت حتمی ہو گی۔ تائیوان نے دفاعی بجٹ بڑھا کر اگلے سال جی ڈی پی کا تین فیصد اور 2030 تک پانچ فیصد کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام امریکی قومی، اقتصادی اور سلامتی کے مفادات کے تحت تائیوان کی دفاعی صلاحیت کو جدید بنانے اور خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے کیا گیا ہے ۔دوسری جانب چین نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ تائیوان کو ہتھیار فراہم کرنے کی کارروائی فوری طور پر بند کرے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا کو "ون چائنا" اصول کی پابندی کرنی چاہیے اور تائیوان کو مسلح کرنے جیسے خطرناک اقدامات کو فوری طور پر روکنا چاہیے ۔