بنگلہ دیشی سیاسی رہنما حسنات کو سابق بھارتی فوجیوں کی دھمکیاں
اگلی باری تمہاری ہے :سابق میجر ،گردن میں گولی ماریں گے :سابق کرنل اسسٹنٹ ہائی کمشنر کے گھر پر حملے کی کوشش،چٹاگانگ میں بھارتی ویزا سنٹر بند
ڈھاکہ(دنیا مانیٹرنگ)بنگلہ دیش میں طالبعلم رہنما عثمان ہادی کے قتل کے بعد سیاسی رہنما حسنات عبداللہ بھارتی دہشت گرد عناصر کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ایک سابق بھارتی میجر نے انہیں دھمکی دی کہ اگلی باری تمہاری ہے جبکہ ایک سابق بھارتی کرنل نے گردن میں گولی مارنے کی دھمکی دی۔ پاکستان نے متعدد بار عالمی سطح پر بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے ثبوت پیش کیے ہیں، حالیہ سڈنی حملے میں بھارتی شہریوں کے ملوث ہونے سے اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ 2020 میں آسٹریلیا نے بھارتی انٹیلی جنس سے منسلک اہلکاروں کو جاسوسی سرگرمیوں پر ملک بدر بھی کیا تھا۔
دوسری جانب بھارت نے اسسٹنٹ ہائی کمشنر کے گھر پر حملے کی کوشش کے بعد بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں اپنا ویزا سنٹر غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔ سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ چٹاگانگ میں بھارت کے اسسٹنٹ ہائی کمیشن میں سکیورٹی کے ایک حالیہ واقعے کے تناظر میں لیا گیا ہے ۔ چٹاگانگ میں ویزا سے متعلق سرگرمیاں اگلے نوٹس تک معطل رہیں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں طلبا کی تنظیم انقلاب مانچا کے ترجمان عثمان ہادی کی ہلاکت کے بعد مشتعل گروہ نے جمعرات کو چٹاگانگ میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنا دیا تھا۔سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز میں متعدد افراد کو اسسٹنٹ ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔