جاپانی وزیراعظم بھوت بنگلے میں منتقل ہو گئیں

جاپانی وزیراعظم بھوت بنگلے میں منتقل ہو گئیں

سرکاری رہائشگاہ میں ایک صدی پہلے کے جاپانی فوجیوں کی ارواح کی بازگشت ٹوکیو شہر میں پتھر اور اینٹوں سے بنی عمارت سان تاکائچی کے دفتر سے متصل عمارت دو ناکام فوجی بغاوتوں کا مقام ، وزیرِاعظم سمیت کئی حکام قتل ہوئے

ٹوکیو (اے ایف پی) جاپان کی وزیرِاعظم سانے تاکائچی کو سرکاری رہائش گاہ میں منتقل ہونے کے بعد شاید مزید بے چین راتوں کا سامنا کرنا پڑے کیونکہ کہا جاتا ہے کہ اس عمارت میں ایک صدی پہلے کے جاپانی فوجیوں کی ارواح بھٹکتی ہیں۔جاپان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم نے پیر کے روز مرکزی ٹوکیو میں واقع پتھر اور اینٹوں سے بنی اس سرکاری رہائش گاہ میں رہائش اختیار کی، جو اُن کے دفتر سے متصل ہے ، یہ منتقلی عہدہ سنبھالنے کے دو ماہ سے زائد عرصے بعد عمل میں آئی۔اس سے قبل وہ ارکان پارلیمان کے لئے مختص رہائش میں قیام کر رہی تھیں تاہم دسمبر کے اوائل میں آنے والے ایک بڑے زلزلے کے بعد دفتر پہنچنے میں 35 منٹ لگنے پر اُنہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔64 سالہ تاکائچی اقتدار میں اس عزم کے ساتھ آئیں کہ وہ ’’کام، کام، کام، کام اور کام‘‘ کریں گی۔ اُن کا کہنا ہے کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ اتنی مصروف ہیں کہ رات کو دو سے چار گھنٹے سے زیادہ نہیں سو پاتیں،1929 میں تعمیر ہونے والی یہ رہائش گاہ جس کا طرزِ تعمیر امریکی معمار فرینک لائیڈ رائٹ کے اُس امپیریل ہوٹل سے متاثر ہے جو اب موجود نہیں ، شاید اُن کی نیند مزید اُڑا دے ۔یہ عمارت 1930 کی دہائی میں ہونے والی دو ناکام فوجی بغاوتوں کا مقام بھی رہی ہے ، جن میں نوجوان فوجی افسروں نے حملے کئے اور ایک وزیرِاعظم سمیت کئی اعلیٰ حکام کو قتل کیا گیا تھا۔کہا جاتا ہے کہ عمارت میں آج بھی کم از کم ایک گولی کا نشان موجود ہے اور بعض لوگوں کا ماننا ہے کہ ان واقعات میں شامل افراد کی ارواح تب سے راہداریوں میں بھٹکتی رہتی ہیں۔تاکائچی کے پیش رو شیگیرو ایشیبا بھی اسی رہائش گاہ میں مقیم رہے اور اُن کا کہنا تھا کہ وہ بھوتوں سے نہیں ڈرتے ۔ اُن سے پہلے فومیو کیشیدا نے بھی کسی روح کے نظر نہ آنے اور پرسکون نیند سونے کی بات کی تھی۔سابق وزیرِاعظم شنزو آبے جو تاکائچی کے سیاسی سرپرست بھی تھے اور یوشی ہیدے سوگا نے کہیں اور رہائش اختیار کی تھی، جس کے باعث مبینہ ارواح 2021 تک نو برس تک بغیر کسی ’’ساتھی‘‘کے رہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں