وسط مدتی انتخابات میں کامیابی نہ ملی تو میرا مواخذہ ہو سکتا : ٹرمپ

 وسط مدتی انتخابات میں کامیابی نہ ملی تو میرا مواخذہ ہو سکتا : ٹرمپ

ری پبلکنز کو 2026 ء کے مڈٹرم میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی، مختلف معاملات پر زیادہ متحد ہو کر جدوجہد کریں

واشنگٹن (رائٹرز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ری پبلکنز کو 2026 ء کے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی، ورنہ ڈیموکریٹس کی جانب سے ان کا مواخذہ (امپیچمنٹ) کیا جا سکتا ہے ۔واشنگٹن میں ایوانِ نمائندگان کے ری پبلکن ارکان کے اجلاس سے خطاب میں امریکی صدر نے مزید کہاکہ آپ کو مڈٹرم انتخابات جیتنا ہوں گے کیونکہ اگر ہم مڈٹرم نہیں جیتے تو بس پھر یہی ہوگا ، میرا مطلب ہے وہ مجھے امپیچ کرنے کی کوئی نہ کوئی وجہ تلاش کر لیں گے ، مجھے امپیچ کر دیا جائے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ساتھی ری پبلکنز پر زور دیا کہ وہ صنفی سیاست، صحتِ عامہ اور انتخابی اصلاحات سمیت مختلف معاملات پر زیادہ متحد ہو کر جدوجہد کریں اور اپنی پالیسیوں کو اس عوام تک مؤثر انداز میں پہنچائیں جو مہنگائی اور زندگی کے بڑھتے اخراجات سے ناراض ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومبر کے انتخابات میں ٹرمپ کا ایجنڈا داؤ پر لگا ہوگا کیونکہ اس دوران ایوانِ نمائندگان کی تمام نشستوں اور سینیٹ کی ایک تہائی نشستوں پر انتخابات ہوں گے ،اپنی تقریر کے دوران ٹرمپ نے تاریخی روایت پر تشویش کا اظہار کیا کہ عموماً برسرِ اقتدار صدر کی جماعت مڈٹرم انتخابات میں کمزور کارکردگی دکھاتی ہے ۔ٹرمپ کو اپنے 2017 سے 2021 کے دورِ صدارت کے دوران ڈیموکریٹ کی قیادت والے ایوانِ نمائندگان سے دو مرتبہ مواخذے کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ری پبلکن اکثریت والی سینیٹ نے دونوں مواقع پر انہیں بری کر دیا تھا۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں