غزہ انتظام کیلئے ٹیکنوکریٹ کمیٹی قائم، علی شعث سربراہ مقرر
کمیٹی جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کی راہ ہموار کریگی اسرائیلی حملے ، حماس کے 6ارکان شہید،مغربی کنارے میں بدو کمیونٹی بے گھر
قاہرہ،غزہ (اے ایف پی)مصر، قطر اور ترکیہ نے اعلان کیا ہے کہ جنگ کے بعد غزہ کے انتظام کیلئے قائم نئی ٹیکنوکریٹ کمیٹی کی قیادت سابق فلسطینی نائب وزیر علیشعث کریں گے ۔ مشترکہ بیان میں ثالث ممالک نے کہا کہ کمیٹی کا قیام استحکام کے فروغ اور غزہ میں بگڑتی انسانی صورتحال بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔ ثالثوں کے مطابق نئی انتظامی کمیٹی امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کی راہ ہموار کرے گی۔ بیان میں امید ظاہر کی گئی کہ کمیٹی غزہ میں روزمرہ نظم و نسق اور بحالی کے عمل میں موثر کردار ادا کرے گی۔امریکی صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے اعلان کیا ہے کہ غزہ جنگ کے خاتمے کے منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے ،اس مرحلے کا مقصد حماس کو غیر مسلح کرنا، غزہ میں تکنیکی حکومت قائم کرنا، اور شہر کی تعمیر نو ہے ۔مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے کہا کہ 15 رکنی فلسطینی تکنیکی کمیٹی کے ارکان پر اتفاق ہوگیا ہے جو جلد غزہ میں روزمرہ خدمات اور انتظامی امور سنبھالے گی۔ادھر غزہ میں اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں حماس کے 6ارکان شہید ہو گئے ۔مقبوضہ مغربی کنارے میں بدو کمیونٹی صہیونی آبادکار وں کے بڑھتے ہوئے تشدد کی وجہ سے اپنے گھروں سے بے دخل ہو گئے ہیں۔ مقامی بدو کمیونٹی کا کہنا ہے کہ گاؤں کے تقریباً نصف خاندان نقل مکانی کر چکے ، اور دیگر کئی خاندان اپنے گھروں کو خالی کرنے اور سامان سمیٹنے میں مصروف ہیں۔