امریکا:برفانی طوفان،زندگی مفلوج، ہزاروںپروازیں منسوخ

امریکا:برفانی طوفان،زندگی مفلوج، ہزاروںپروازیں منسوخ

10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم،برفباری کے باعث 17ریاستوں میں ایمرجنسی واشنگٹن، نیویارک، فلاڈیلفیا ،بوسٹن میں شدید برفباری کا امکان،نیشنل گارڈز متحرک

واشنگٹن (اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)امریکا میں شدید برفانی طوفان،12ہزار پروازیں منسوخ،17 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، برفانی طوفان کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں 10 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ۔ طوفان ٹیکساس سے ملک کے شمال مشرقی حصوں کی جانب بڑھا اور برفباری و منجمد بارش کا سبب بنا۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں ٹینیسی، ٹیکساس،اوکلاہوما، آرکنساس، مسیسیپی اور لوزیانا شامل ہیں جہاں ہر ریاست میں ایک لاکھ سے زائد گھریلو اور تجارتی صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ واشنگٹن، نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن میں شدید برفباری کا امکان ہے ، نیویارک کے میئر نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی۔ 9 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کو متحرک کردیا گیا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہاکہ ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے ، طوفان کی زد میں آنے والی تمام ریاستوں سے مسلسل رابطے میں ہیں،ٹرمپ نے طوفان کو تاریخی قرار دیتے ہوئے ریاستوں میں وفاقی ہنگامی حالت نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔محکمہ داخلی سلامتی کے مطابق 17 ریاستوں اور واشنگٹن ڈی سی میں موسمی ایمرجنسی نافذ ہے ۔نیشنل ویدرسروس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیویارک، بوسٹن اور اوکلاہوما سٹی میں 12 سے 18 انچ برف متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان جنوب مغرب میں نیو میکسیکو سے لے کر شمال مشرق میں مائن تک تقریباً 3ہزار کلومیٹر کے فاصلے تک پھیلنے کا امکان تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں