عالمی امن، مکالمے ،اعتمادسازی میں پارلیمان کاکرداراہم، گیلانی

عالمی امن، مکالمے ،اعتمادسازی  میں پارلیمان کاکرداراہم، گیلانی

دبئی(آن لائن،اے پی پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر امن، مکالمے اور باہمی اعتماد کے فروغ میں پارلیمان کا کردار نہایت اہم اور ناگزیر ہے۔۔۔

 وہ دبئی میں جمہوریہ مالدووا کے اعزازی قونصل برائے پاکستان، سید کاشف علی کی تقرری کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے سید کاشف علی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریہ مالدووا کے اعزازی قونصل خانے کا قیام دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے ، جو باہمی تعاون کو نئی وسعت دے گا۔اپنے کلیدی خطاب میں سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمانی سفارت کاری کے میدان میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان عالمی مکالمے ، اعتماد سازی اور طویل المدتی بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے تجارت، زراعت، دفاع، فارماسیوٹیکلز، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت مختلف شعبوں میں مالدووا کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے عالمی سفارت کاری میں اپنی قیادت کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بطور بانی چیئرمین انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس ، وہ پارلیمانوں کے مابین روابط اور اشتراکِ عمل کے فروغ کے لئے سرگرم ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں