امریکی بحری بیڑا پہنچنے کے باوجود خوفزدہ نہیں:ایران
یورینیم افزودگی جاری رکھیں گے :مذاکرات میں امریکی سنجیدگی پر شبہ:وزیر خارجہ سازش کے الزامات،ایرانی عدالت نے نوبل انعام یافتہ محمدی کو6سال قید سنا دی
تہران (اے ایف پی)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی بحری بیڑا بحیرہ عرب میں پہنچنے کے باوجود ایران خوفزدہ نہیں،ایران اپنی خودمختاری پر کسی کا دباؤ قبول نہیں کرے گا۔ یورینیم افزودگی جاری رکھیں گے ، ایران نے پرامن جوہری پروگرام اور افزودگی کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے ۔ امریکی جنگی دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے ۔ عراقچی نے تہران میں ایک فورم میں بتایا کہ ایران کو واشنگٹن پر بہت کم اعتماد ہے ،تہران کو امریکا کیساتھ موجودہ کشیدگی ختم کرنے کیلئے مذاکرات میں سنجیدگی پر شبہ ہے ۔عراقچی نے جوہری ہتھیار بنانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ہتھیاروں میں ملکی خودمختاری کی حفاظت اور ’نہیں‘ کہنے کی طاقت ہے ۔ امریکی پابندیاں اور حالیہ فوجی تعیناتیاں مذاکرات میں واشنگٹن کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتی ہیں۔ عراقچی نے کہا کہ ایران صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے ، تمام اشاروں کا تجزیہ کر رہا ہے اور بعد میں فیصلہ کرے گا کہ مذاکرات جاری رکھے جائیں یا نہیں۔ دوسری جانب ایرانی عدالت نے نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کو چھ سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ ان کے وکیل مصطفی نلی کے مطابق محمدی پر جرائم کے ارتکاب کیلئے اجتماع اور سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں انہیں ملک چھوڑنے پر دو سال کی پابندی، پراپیگنڈا سرگرمیوں کیلئے ڈیڑھ سال قید اور دو سال کے لیے خوسف شہر میں تبعید کی سزا بھی دی گئی ۔